کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کے قومی ترانے کے احترام پر 4 کرکٹر گرفتار

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی انتظامیہ نے پاکستانی قومی ترانے کے احترام پر 4 کشمیری کرکٹرز کو گرفتار کرکے ان پر غداری کے مقدمات درج کرلئے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے مقامی اسٹیڈیم میں کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل کی وڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دونوں کرکٹ ٹیموں کے کھلاڑی ایک قطار میں آمنے سامنے مودبانہ انداز میں کھڑے ہوکر پاکستان کا قومی ترانہ سن رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد قابض بھارتی فوج اور کٹھ پتلی انتظامیہ نے روایتی ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان سے محبت کے جرم میں 4 کرکٹرز کو گرفتار کرکے ان پر غداری کے مقدمات درج کرلئے۔ بانڈی پورہ پولیس کے سربراہ نے گرفتاریوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اورمنتظمین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ چار کرکٹرز کو گرفتارکرکے دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں کہ کشمیریوں کے خلاف پاکستان کی حمایت کے جرم میں گرفتار اور غداری کے مقدمات درج کئے گئے ہیں، اس سے قبل بھی کشمیر میں پاکستان کے حق میں نعرے پاکستان کے جھنڈے اور کرکٹ کا یونیفارم پہننے کے جرم میں متعدد افراد کو گرفتار کرکے غداری کے مقدمات درج کئے جاچکے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close