خیبر پختونخواہ

پارا چنار واقعے میں ملوث عناصر کا ٹرائل ملٹری کورٹ میں ہوگا، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پارا چنار پاکستان کا حصہ اور اس کا چپہ چپہ اور ایک ایک فرد دیگر لوگوں کی طرح اہم ہے جب کہ افسوسناک واقعہ میں ملوث عناصر کا ٹرائل ملٹری کورٹ میں ہوگا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پارا چنار میں قبائلی عمائدین سے ملاقات کی اور ان کے تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے آرمی چیف کی قبائلی عمائدین سے خطاب کی ویڈیو بھی جاری کی گئی جس میں آرمی چیف نے کہا کہ دھماکوں میں جس کا کوئی بیٹا یا باپ، بھتیجہ یا شوہر اس دنیا سے چلا گیا، یہ بہت گہرا دکھ ہے اور یہ وہ جنگ ہے جو غیر روایتی جنگ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر پاکستانی ہمارا بھائی اور آپ لوگ ہماری طاقت ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ پارا چنار پاکستان کا حصہ ہے اور اس کا چپہ چپہ اور ایک ایک فرد ہمارے لئے اتنا ہی اہم ہے جتنا کہ دیگر علاقوں کے رہنے والے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر بندہ چاہے وہ غیر مسلم ہی کیوں نہ ہو اہمیت کا حامل ہے، آپ لوگ تفرقہ ڈالنے والوں کو سائیڈ پر کریں اور باقی تمام لوگ اکٹھے ہو جائیں۔

پاک فوج کے سربراہ نے عمائدین سے ملاقات میں اہم اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سرحد پار افغانستان میں خطرات بدستور موجود ہیں جہاں داعش طاقت پکڑ رہی ہے، داعش کا ایجنڈا فرقہ واریت کی فالٹ لائن کوہوا دینا ہے مگر ملک میں حالات معمول پر لانے کے لیئے فوج کوششیں جاری رکھے گی جب کہ سرحد پار موجود خطرات سے نمٹنے کے لیئے ہمیں متحد،چوکس رہنا ہے۔

آرمی چیف نے یقین دہانی کروائی کہ  ایف سی کی فائرنگ کے واقعے میں جو ملوث ہوا ،اس کے خلاف کارروائی ہو گی اور دشمن ایجنسیوں کے مقامی سہولت کاروں،ہمدردوں کو پکڑا جائے گا اور ان کا ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک افغان بارڈر کوآرڈینیشن اور سیکیورٹی تعاون نہایت ضروری ہے جب کہ ہماری سیکیورٹی فورسز قومی یکجہتی کا مظہر ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حالیہ دہشت گردی واقعات میں غیر ملکی ہاتھ ملوث ہونے کے واضح شواہد ہیں جب کہ فائرنگ واقعے کے 4 شہدا اور زخمیوں کے لیے ایف سی الگ سے معاوضہ دے گی۔ ترجمان کے مطابق دہشت گردی کے بعد مظاہرین کے ہجوم سے نمٹنے کے دوران فائرنگ کے واقعے تحقیقات ہو رہی ہیں جب کہ مقامی ایف سی کمانڈر کو پہلے ہی تبدیل کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پارا چنار کے بازار میں عین اس وقت یکے بعد دیگرے دو دھماکے ہوئے تھے جب لوگوں کی بڑی تعداد عید کی خریداری میں مصروف تھی جس میں 75 افراد جاں بحق اور100 کے قریب زخمی ہوئے تھے جس کے بعد متاثرین اور مقامی عمائدین نے اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا دے دیا تھا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close