خیبر پختونخواہ

پارٹی کے 17 سے 20 ارکان پارلیمنٹ نے ووٹ فروخت کئے، پرویز خٹک کی عمران خان کو بریفنگ

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک سے رابطہ کرکے حالیہ سینیٹ انتخابات کے دوران ہارس ٹریڈنگ پر برہمی کا اظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک سے رابطہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعلٰی پرویز خٹک نے پی ٹی آئی چیئرمین کو سینیٹ انتخابات کے دوران ہونے والی ہارس ٹریڈنگ سے متعلق پارٹی کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ سے آگاہ کیا۔ وزیراعلٰی پرویز خٹک نے عمران خان کو ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ پارٹی کے 17 سے 20 ارکان پارلیمنٹ نے ووٹ فروخت کئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ووٹ فروخت کرنے والوں میں اکثریت پی ٹی آئی کی خواتین ارکان کی ہے۔ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا کہ وفاداری تبدیل کرنے میں ناراض پی ٹی آئی ارکان کے ساتھ ساتھ کئی اہم ایم پی ایز بھی شامل ہیں، جس پر عمران خان نے وزیراعلٰی پرویز خٹک کو ووٹ فروخت کرنے والے ارکان کی فہرست جلد از جلد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے کہا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف ذاتی مصروفیات کی وجہ سے سینیٹ انتخابات میں ووٹ نہیں ڈالیں گے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کے حوالے سے ابھی کوئی معلومات نہیں اور اس بارے میں پولنگ ختم ہونے کے بعد ہی پتہ چلے گا۔ انہوں نے کہا تھا کہ افسوس کی بات ہے کہ ہمارے یہاں ایک ایسا نظام ہے کہ جو اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ پیسے کے زور پر ایوان میں اپنی جگہ بنائی جاسکے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close