خیبر پختونخواہ

کے پی نگران حکومت نے سرکاری اسکولوں کی ناقص کارکردگی کا نوٹس لے لیا

پشاور: خیبر پختونخوا کی نگران حکومت نے میٹرک کے سالانہ امتحانات میں سرکاری سکولوں کی ناقص کارکردگی کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ اس ضمن میں محکمہ تعلیم نے ڈائریکٹر ایجوکیشن اور اضلاع کے ڈی ای اوز کو ایک مراسلہ ارسال کیا ہے، جس میں انہیں ہدایت کی گئی ہے وہ اپنے اضلاع میں واقع سرکاری سکولوں کی انفرادی کارکردگی رپورٹ 15 دن کے اندر ارسال کریں۔ مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ رپورٹ میں ایسے سکولوں کی بھی نشاندہی کی جائے جن کے طلبہ نے میٹرک کے حالیہ نتائج میں سی گریڈ حاصل کیا ہے۔ واضح رہے کہ پشاور بورڈ کے میٹرک نتائج میں ٹاپ 3 اور ٹاپ 20 کی لسٹ میں ایک بھی سرکاری سکول کا بچہ شامل نہیں ہے۔

یاد رہے کہ خیبر پختونخوا کی سابقہ حکومت نے بجٹ کا 28 فیصد حصہ تعلیم کیلئے مختص کیا تھا، جبکہ سرکاری سکولوں میں انگریزی کو ذریعہ تعلیم بنانے اور سرکاری سکولوں کو نجی سکولوں کے مساوی کرنے کیلئے اقدامات کا آغاز کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا، تاہم میٹرک کے حالیہ نتائج نے سابقہ صوبائی حکومت کی کارکردگی کو آشکار کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نگران صوبائی حکومت نے مذکورہ صورتحال کو خطرناک قرار دیا ہے اور سیکرٹری تعلیم کو فوری رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close