پنجاب

منی لانڈرنگ کے مقدمے میں پرویز الہٰی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم

لاہور: ضلع کچہری لاہور نے ایف آئی اے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے محفوظ فیصلہ سنایا۔ عدالی فیصلے کے بعد چوہدری پرویز الہٰی کو بکتر بند گاڑی سے ضلع کچہری سے روانہ کیا گیا۔

ایف آئی اے نے آج صبح سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کو منی لانڈرنگ مقدمے میں گرفتار کیا تھا جس کے بعد ایف آئی اے کی ٹیم نے پرویز الہٰی کو ضلع کچہری پیش کیا۔ ایف آئی اے حکام نے پرویز الہٰی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔
اس دوران، چوہدری پرویز الہٰی کی طبعیت خراب ہوئی جس پر سروسز اسپتال کے ڈاکٹروں نے تفصیلی معائنہ کیا اور معائنہ کرنے کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں صحت مند قرار دیا۔ صحت مند قرار دیے جانے کے بعد ایف آئی اے نے حراست میں لے لیا۔

پرویز الہٰی کی ضلع کچہری میں پیشی کے دوران پولیس نے میڈیا کو کوریج سے روکا گیا جبکہ میڈیا نمائندگان کو کمرہ عدالت جانے سے بھی روکا۔ میڈیا کو عدالت کی راہداریوں سے بھی کھڑے ہونے سے روکا گیا۔

دوسری طرف، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے مقدمات کی تفصیلات اور حفاظتی ضمانت کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔ درخواست میں ایف آئی اے اور پولیس سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ چوہدری پرویز الہٰی سابق وزیر اعلیٰ پنجاب رہے ہیں اور ان کے خلاف سیاسی بنیادوں پر مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔

استدعا کی گئی کہ عدالت مقدمات کی تفصیلات فراہم کرے، عدالت منی لانڈرنگ کے مقدمے میں پرویز الہٰی کی حفاظتی ضمانت منظور کرے۔

واضح رہے کہ منی لانڈرنگ اور پاناما کیس میں ایف آئی اے کی ٹیم چوہدری پرویز الہٰی کو گرفتار کرنے کے لیے کیمپ جیل پہنچی تھی۔

پاناما اسکینڈل میں چوہدری پرویز الہٰی اور مونس الہٰی کی کمپنیوں کا بھی انکشاف ہوا تھا۔ مونس الہٰی تحقیقات کے خوف سے پہلے ہی ملک سے فرار ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close