پنجاب

عمران خان کی صرف ڈھائی دن کی جیل ہی ان کی سیاست کا حصہ ہے، خواجہ سعدرفیق

بہاولپور: وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ عمران خان کی سیاسی جدوجہد ماسوائے ڈھائی دن جیل کچھ بھی نہیں منتخب حکومت کو گرانے کا سوچنے والوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا اور جب بھی منتخب حکمرانوں کو گھر بھیجا گیا تو پھر آمریت نے ہی قبضہ کیا۔

بہاولپور ریلوے اسٹیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان کی کوئی سیاسی جدوجہد نہیں صرف ڈھائی دن کی جیل ہی ان کی سیاست کا حصہ ہے۔ عمران خان حکمرانوں کو گھر بھیج کر اقتدار میں نہیں آسکتے، منتخب حکمرانوں کو جب بھی گھر بھیجا گیا تو پھر آمریت نے ہی قبضہ کیا جب کہ بار بار مارشل لا لگنے کے باعث پاکستان پیچھے رہ گیا۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ حکومت کے خلاف کبھی دھاندلی کا ڈرامہ رچایا گیا توکبھی پانامالیکس کو ایشو بنایا گیا، اب پاناما کہانی ختم ہونے کے بعد کوئی اور ناچ گانا شروع ہوگا لیکن ہم ہر سازش کے باوجود نواز شریف کی قیادت میں ترقی کی جانب گامزن رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور منتخب حکومت کو گرانے کا سوچنے والوں کو ناکامی کا سامنا کرنا ہوگا۔

وزیرریلوے کا کہنا تھا کہ عمران خان کے مطابق آف شور کمپنیاں ناجائز تھیں تو ان کی کمپنیاں کیسے جائز ہوگئیں،عمران خان خود آف شور کمپنیوں کے مالک ہوتے ہوئے دوسروں پر الزامات اور شور مچاتے رہے ہیں اب قوم ان  سے وضاحت چاہتی ہے،  جھوٹ اور بہتان کی سیاست سے ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پیسوں کے ذریعے عوام کی سوچ کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا،عوام ووٹ کے ذریعے فیصلہ کریں گے اور پشاور میں ہونے والے حالیہ ضمنی انتخابات میں عوام نے عمران خان کا احتساب کیا جب کہ عنقریب پوری قوم بھی انہیں احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کرے گی۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں ورثے میں نہیں ملتی لیکن بے نظیربھٹو شہید ہوئیں توورثے میں  آصف زرداری کے حصے میں پارٹی آگئی، ضیاالحق جیسے آمر نے  پیپلزپارٹی کو ختم کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے اور آصف زرداری نے آتے ہی پیپلز پارٹی کو سیاسی قبر تک  پہنچا دیا ۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close