پنجاب

رائل پام کلب اورریلوے کے درمیان تنازعہ شدت اختیار کرگیا

 رائل پام اینڈ کنٹری کلب کو سیل کرنے اور اس کا قبضہ لینے پر رائل پام انتظامیہ اور وفاقی وزیر ریلوے کے درمیان قانونی جنگ شدت اختیار کرگئی، رائل پام انتظامیہ کی جانب سے خواجہ سعد رفیق کے خلاف توہین عدالت اور مقدمہ درج کرنے کی درخواستیں دائر کردی گئیں۔

رائل پام اینڈ کنٹری کلب انتظامیہ کی جانب سے سول جج ندیم احمد کی عدالت میں دائردرخواست میں موٗقف اختیارکیا گیا کہ ریلوے انتظامیہ نے طے شدہ معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پررائل پام پر قبضہ کر کے اسے سیل کردیا۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے انتظامیہ نے واجبات کی وصولی کو جواز بنا کر کلب کو تالے لگائے جبکہ اس حوالے سے قانون کے مطابق کوئی نوٹس نہیں دیا گیا.

رائل پام کے وکیل اعتزاز احسن نے عدالت کو بتایا رائل پام نے 49 سال کی لیز پر زمین حاصل کی اور قانون کے مطابق تمام واجبات بھی ادا کیے جا رہے ہیں، اس سے قبل تنازعہ پیدا ہونے کی صورت میں عدالت سے رجوع کیا جس نے 28 جون تک حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے ریلوے حکام کو کسی بھی کارروائی سے روک دیا تھا تاہم اس کے باوجود ریلوے پولیس کی جانب سے رائل پام پر قبضہ توہین عدالت ہے، لہذا وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، آئی جی ریلوے اور جی ایم ریلوے سمیت ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

عدالت نے 12 جولائی کو خواجہ سعد رفیق سمیت فریقین سے جواب طلب کر لیا جبکہ ایک دوسری درخواست میں خواجہ سعد رفیق ، آئی جی پنجاب ، سی سی پی او لاہور ، سیکرٹری ریلوے اور جی ایم ریلوے سمیت نامزد افسران کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی استدعا پرعدالت نے پولیس سے 2 جولائی کو تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close