Featuredپنجاب

متنازع بیان: لیگی رہنما رانا مشہود کی پارٹی رکنیت معطل

لاہور: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف نے لیگی رہنما رانا مشہود کے متنازع بیان پر ان کی پارٹی رکنیت معطل کردی۔ ترجمان مسلم لیگ(ن) مریم اورنگزیب کے مطابق رانا مشہود سے متنازع گفتگو پر باز پرس کے لیے 3 رکنی خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

مریم اورنگزیب کے مطابق کمیٹی میں مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما راجا ظفر الحق، سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور رانا تنویر شامل ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ 3 رکنی کمیٹی اس معاملے کی تحقیقات کرے گی اور 2 ہفتوں میں اپنی سفارشات کے ساتھ رپورٹ پیش کرے گی۔

خیال رہے کہ 2 اکتوبر کو نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے لیگی رہنما رانا مشہود نے دعویٰ کیا تھا کہ اگلے 2 ماہ بعد پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کا خاتمہ ہوجائے گا اور پھر یہاں ان کی جماعت کی حکومت ہوگی۔

حال ہی میں اداروں کے ساتھ ڈیل سے متعلق اپنے ایک انٹرویو کی وضاحت پیش کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہماری کسی کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں ہوئی نہ ہونے جارہی ہے بلکہ ان اداروں کے درمیان جو گفتگو ہوئی ہے اسی کی بنیاد پر دعویٰ کیا کہ پنجاب میں ہماری حکومت ہوگی۔

بعد ازاں اس معاملے پر پاک فوج کا ردعمل بھی سامنے آیا تھا اور پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود کے متنازع بیان کی تردید کرتے ہوئے اسے قومی سلامتی کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ’رانا مشہود کا بیان حقائق کے منافی اور قابل افسوس ہے‘۔

دریں اثناء اس معاملے مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں نے اپنے بیانات میں کہا تھا کہ رانا مشہود کا بیان پارٹی پارلیسی نہیں ہے، وہ ان کی اپنی ذاتی رائے ہے۔

بعد ازاں العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت کے لیے احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران رانا مشہود کے بیان کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے نواز شریف نے بتایا کہ شہباز شریف نے اس بیان کا نوٹس لے لیا ہے۔

علاوہ ازیں 3 اکتوبر کو مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود نے نجی نشریاتی ادارے پر ان کے حوالے سے چلائے گئے بیان کی وضاحت دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر چلایا گیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close