پنجاب

امید ہے مظاہرے آج رات ختم ہوجائیں گے، فیاض الحسن چوہان کا دعویٰ

لاہور: پنجاب کے وزیرِ اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ملک میں جاری مظاہرے آج رات تک ختم ہونے کا امکان ہے۔ جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مظاہرین اور ان کے قائدین سے مذاکرات کے پانچ دور ہو چکے ہیں، اطلاعات ہیں کہ معاملات حل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مظاہرین کے خلاف گولی، لاٹھی اور آنسو گیس کا استعمال نہیں کیا گیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ‘میری اطلاع کے مطابق تقریباً معاملات طے ہوچکے ہیں، یہ میری اطلاعات ہیں میں باضابطہ اعلان نہیں کررہا’۔

یاد رہے کہ آسیہ بی بی کی بریت کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں نظر ثانی اپیل بھی دائر کر دی گئی ہے۔

درخواست گزار قاری سلام کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں آسیہ بی بی کی بریت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی گئی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آسیہ بی بی نے تفتیش کے دوران جرم کا اعتراف کیا، ایف آئی آر تاخیر سے درج کرانے کا مطلب یہ نہیں کہ ملزم بےگناہ ہے۔

درخواست گزار کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آسیہ بی بی کی بریت کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے اور نظر ثانی کی اپیل کے فیصلے تک آسیہ بی بی کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے آسیہ بی بی کیس میں نظر ثانی پٹیشن دائر کرنے کی تردید کر دی ہے۔

ترجمان وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ آسیہ بی بی سے متعلق کیس میں حکومت نے نہ نظر ثانی پٹیشن دائر کی ہے اور نہ ہی آسیہ بی بی کا نام ای سی ایل میں ڈالا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے توہین رسالت کے کیس میں عیسائی خاتون آسیہ بی بی کی سزائے موت کو کالعدم قرار دیتے ہوئے رہائی کا حکم جاری کیا تھا جس کے بعد سے ملک کے مختلف شہروں میں تحریک لبیک پاکستان اور دیگر مذہبی جماعتوں کا دھرنا جاری ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close