سندھ

باپ نے بیٹے کے ساتھ مل کر غیرت کے نام پر بیٹی اور اس کے دوست کو قتل کردیا

باپ بیٹے نے واقعے کے بعد تھانے پہنچ کر اپنی گرفتاری دیدی

کراچی: سچل کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ کے قریب غیرت کے نام پر باپ اور بیٹے نے فائرنگ کرکے بیٹی اور اس کے دوست کو قتل کردیا ۔

پولیس کے مطابق سچل تھانے کی حدود ابوالحسن اصفہانی روڈ کے قریب بھکر گوٹھ میں ڈاکٹر رفیق شیخ نے اپنے بیٹے عبداللہ کے ساتھ مل کر غیرت کے نام پر اپنی بیٹی 17 سالہ لاریب اور اس کے دوست حسن کو فائرنگ کرکے موت کی نیند سلادیا۔

مقتول جمعے کی صبح 6 بجے کے قریب اپنی دوست لاریب کو ویگو جیپ میں اس کے گھر کے باہر چھوڑنے آیا تھا۔ اسی دوران لڑکی کے باپ اور بھائی نے دیکھ لیا اور گھر سے پستول لاکر ویگو جیپ پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں لڑکا موقع ہی پر جاں بحق ہوگیا جب کہ لڑکی زخمی ہوگئی۔ والد زخمی بیٹی کو اسپتال کے بجائے گھر لے آئے۔ اسی دوران لڑکی زیادہ خون بہ جانے کی وجہ سے دم توڑ گئی۔
باپ بیٹے نے واقعے کے بعد تھانے پہنچ کر اپنی گرفتاری دیدی۔ لڑکی کے والد ڈاکٹر رفیق شیخ نے پولیس کو بیان دیا ہے میں 19 گریڈ کا افسر اور قطر اسپتال میں تعینات ہوں۔ میں نے اپنی بیٹی سے پوچھا یہ لڑکا کون ہے، جس پر اس نے تسلی بخش جواب نہیں دیا۔ اس دوران حسن سے تکرار ہوگئی اور میں نے طیش میں آگر فائرنگ کردی۔

والد نے بتایا کہ میری بیٹی اکثر و بیشتر رات کو اٹھ کر باہر چلی جاتی تھی، جس پر مجھے شک ہوا تو جمعے کی صبح موٹر سائیکل پر نکل کر ان کا انتظار کرنے لگا۔ جیسے ہی ویگو جیپ گلی میں داخل ہوئی، ہم نے بیٹی اور اس کے دوست کو رنگے ہاتھوں پکڑلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم اور اس کے بیٹے سے 2 نائن ایم ایم پستول بھی برآمد ہوئے ہیں، جس کے لائسنس کی تصدیق کی جارہی ہے۔ مقتول گلشن اقبال کا رہائشی اور طالب علم تھا ۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close