سندھ

ایم کیو ایم کے رہنما افتخاررندھاوا پاک سرزمین پارٹی میں شامل

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے ایک اور رہنما افتخار رندھاوا پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہوگئے۔

کمال ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے افتخار رندھاوا نے متحدہ قومی موومنٹ کو خیرباد کہتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ افتخاراکبررندھاوا ایم کیوایم کی سینٹرل ایگزیکیٹو کمیٹی کے رکن تھے جب کہ وہ  ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے رکن رہ چکے ہیں۔

اس موقع پربات کرتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی کے رہنما مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ سرفرازمرچنٹ ایم کیوایم قائد سےملاقاتیں کرتے تھے، ان کے ایم کیوایم کے رہنماؤں سے کچھ معاملات پر لین دین بھی تھا، اسکاٹ لینڈ یارڈ نے منی لانڈرنگ میں 5 افراد کو حراست میں لیا تھا، اس کیس میں اسکاٹ لینڈ یارڈ نے سرفرازمرچنٹ کو بھی شامل تفتیش کیا، اسکاٹ لینڈ یارڈ کی جانب سے سرفزار مرچنٹ کو دیئے گئے دستاویزات میں واضح طورپرکہا گیا ہے کہ طارق میر اور محمد انور نے بھارتی خفیہ ایجنسی “را” سے فنڈنگ کااعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ کوئی بھی لبادہ اوڑھ لیں وہ جھوٹ ہی رہےگا، ان لوگوں پر الزامات کچھ اور ہیں اور وہ جواب کچھ اور دے رہے ہیں، اب تک وہ جو سچ آدھا بول رہے تھے اب وہ پورا بولیں گے۔

مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ پاک سرزمین پارٹی میں آنے سے پہلے افتخار رندھاوا اچھے تھے لیکن اب ایم کیو ایم کے لئے اب برے ہوجائیں گے، ندیم نصرت نے اپنی وڈیو کانفرنس میں بہت سے الزامات لگائے، انہوں نے اپنی پوری پریس کانفرنس میں ملکی اداروں کو انہیں فون کرنے پرزوردیا اورخود بھی سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی خواہش ظاہرکی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی متحدہ قومی موومنٹ کے صوبائی رکن اسمبلی اشفاق منگی مصطفیٰ کمال کی پارٹی میں شامل ہوگئے تھے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close