سندھ

سلیم چندا نے اپنا بیان ریکارڈ کرادیا

مقتول امجد صابری کی رہائش گاہ سے حراست میں لیے گئے سلیم چندا نے پولیس کو بیان ریکارڈ کرادیا، پولیس حکام کے مطابق سلیم چندا امجد صابری کی ٹارگٹ کلنگ کے وقت گاڑی میں موجود تھے جبکہ امجد صابری کے بھائی ثروت صابری نے کہا ہے کہ سلیم چندا کو بیس برس سے جانتے ہیں وہ ہمارے گھر کے فرد کی طرح ہے۔

پولیس کے مطابق سلیم چندا نے بیان ریکارڈ کرایا ہے کہ جائے وقوع پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے گاڑی کو روکا، پیچھے بیٹھے ملزم نے چار گولیاں چلائیں اور پھر مزید دو گولیاں چلائیں۔ایک گولی لگنے سے کار کا شیشہ میری آنکھ میں لگا جس کے بعد میری آنکھوں کے سامنے اندھیرا چھا گیا اور میں جان بچانے کے لیے  جھک گیا۔

سلیم چندا نے بتایا کہ میں امجد صابری کے ساتھ ٹی وی پروگرام میں جانے کے لیے نکلا تھا،ہم لیاقت آباد سے حسن اسکوائر جارہے تھے، واقعہ کے بعد سے انتہائی خوفزدہ ہوں۔

امجد صابری پر فائرنگ ہوئی تو جان بچانے کے لیے نیچے کی جانب جھک گیا تھا، فائرنگ کی آواز تھمنے کے بعد گاڑی سے باہر آئے اور لوگوں کی مدد سے اسپتال منتقل ہوئے۔

پولیس کے مطابق سلیم چندا وقوع کا عینی شاہد ہے اور اس سے مزید معلومات اکٹھی کرنے کے بعد سلیم چندا کو واپس گھر جانے کی اجازت دی جائے گی، پولیس نے سلیم چندا کو مقتول امجد صابری کے گھر سے حراست میں لیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مقتول امجد صابری کے بھائی ثروت صابری نے کہا ہے کہ سلیم چندا کو پولیس نے واقعے کی تفتیش کے سلسلے میں حراست میں لیا ہے، جسے جلد چھوڑ دے گی۔

انہوں نے کہا کہ سلیم چندا کو بیس برس سے جانتے ہیں وہ ہمارے گھر کا فرد ہے، وہ کسی غلط کام میں ملوث نہیں،قانون سب کے لیے ایک ہونا چاہئیے اور انصاف ملنا چاہئیے ،قاتل اگر گرفتار بھی ہوگئے اور پھانسی بھی ہوگئی تو بھی ہم مطمئن نہیں ہوں گے کیوں کہ ہمارا دکھ بہت بڑا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دراصل مائنڈ سیٹ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ہر کوئی اپنی ذمہ داری قبول کرے۔

ثروت صابری نے کہا کہ قوالی میں روحانیت ہے ، پاکیزگی اور طہارت کے ساتھ پڑھی جاتی ہے جس میں جدت آتی جارہی ہے، امجد صابری کا بیٹا اور بھائی اس مشن کو جاری رکھیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close