سندھ

رینجرز نے کراچی میں اسنیپ چیکنگ روک دی

رینجرز نے کراچی میں اسنیپ چیکنگ روک دی، تجاوزات کے خلاف مہم میں سیکیورٹی دینے سے بھی معذرت کرلی ہے

رینجرز نے کراچی آنے جانے کے راستوں پر چیکنگ روک دی، اب کسی گاڑی کو رینجرز اہلکار روک کر چیک نہیں کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اختیارات کے معاملے میں تاخیر پر رینجرز کی جانب سے اسنیپ چیکنگ روکی گئی، اہم تنصیبات پر تعینات رینجرز اہلکاروں کو بھی جلد واپس بلالیا جائے گا جبکہ رینجرز نے تجاوزات ہٹانے کے کام میں سیکیورٹی دینے سے بھی معذرت کرلی ہے۔

سندھ کے وزیر بلدیات نے ڈپٹی کمشنر سینٹرل کو ہدایت جاری کی تھی کہ گجر نالے پر صفائی کاکام تیز کیا جائے، ضرورت ہو تو رینجرز اور پولیس سے بھی مدد لی لیں، رینجرز ذرائع نے وزیر بلدیات سندھ کے اس حکم کو رینجرز کے دائر اختیار سے بالاتر قرار دیدیا ہے۔

رینجرز ذرائع نے کہا کہ یہ کام رینجرز کے زمرے اختیار میں نہیں آتا۔

سندھ میں رینجرز کے خصوصی اختیارات میں توسیع نہ ہونے کے باعث کراچی آپریشن کے متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، وزیر داخلہ سندھ نے رینجرز اختیارات کے معاملے سے لاعلمی ظاہر کردی۔

یاد رہے کہ سندھ میں رینجرز کے قیام میں توسیع اور خصوصی اختیارات کا معاملہ حل نہیں ہوسکا، وزیراعلیٰ سندھ نے سمری پر دستخط نہیں کیے اس کے بعد اختیارات 19 جولائی کی رات بارہ بجے ختم ہوگئے تھے، محکمہ داخلہ سندھ نے تین جولائی کو رینجرز کے اختیارات میں تین ماہ کے اضافے اور رینجرز کے صوبے میں قیام میں ایک سال کے اضافہ کی سمری وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کی تھی۔

واضح رہے کہ رینجرز کے اختیارات میں اضافہ اس سے قبل بھی ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری کے بعد روک دیاگیا تھا ، وفاقی حکومت کی مداخلت اور اعلیٰ سطحی رابطوں کے بعد اختیارات ختم ہونے کے ایک ہفتے کے بعد رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی گئی تھی اور اس کا اطلاق ختم ہونے والی تاریخ سے کیا گیا تھا تاکہ ان اختیارات کو قانونی تحفظ دیا جاسکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close