سندھ

ایم کیو ایم کا اپنی سیاسی تاریخ میں پہلی مرتبہ کھالیں جمع نہ کرنے کا اعلان

کراچی: ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے اپنی سیاسی تاریخ میں پہلی مرتبہ قربانی کی کھالیں جمع نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

 ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم نے طلبہ کی خدمت کے لئے اے پی ایم ایس او اور ساتھ ہی خدمت خلق فاؤنڈیشن 1998 میں قائم کی۔ ہماری فلاحی سرگرمیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، کے کے ایف کے تحت زلزلہ اور سیلاب متاثرین کی بے مثال اور بے لوث خدمت کی۔  گزشتہ برس ایم کیو ایم کو زکوۃ ، فطرانہ اور چندہ جمع کرنے سے منع کردیا گیا تھا ہمارے رضا کاروں پر کھالیں چھیننے کا الزام لگایا گیا ایم کیو ایم اور کے کے ایف کی فلاحی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئیں لیکن اس سال ہم خود فلاحی تنظیموں کو کھلا راستہ دے کر فلاحی کام اللہ کے سپرد کررہے ہیں اور تمام فلاحی سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہم اپنی فلاحی تنظیم خدمت خلق فاؤنڈیشن کے رضاکاروں کی جانچ پڑتال کرکے ایم کیوایم اور کے کے ایف کو دوبارہ منظم کررہے ہیں۔ رواں سال ایم کیو ایم کھالیں جمع نہیں کررہی ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ مخیر حضرات فلاحی ادارے گود لیں۔ عید الضحیٰ کے بعد ہم مخیر حضرات سے ایم کیو ایم کے فلاحی ادارے چلانے کی درخواست کریں گے۔

فاروق ستار نے کہا کہ ماضی میں جو لوگ ایم کیو ایم کو کھالیں دیتے رہے ہیں وہ دیگر فلاحی تنظیموں ایدھی فاؤنڈیشن، چھیپا، سیلانی ویلفئیر، انڈس اسپتال یا پھر ایس آئی یو ٹی کو دیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close