سندھ

وزیراعظم مستعفی ہو جائیں اسی میں ان کی عزت ہے، مولا بخش چانڈیو

حیدر آباد: پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف شدید تنقید سننے کے بجائے مستعفیٰ ہوجائیں اور ان سے استعفیٰ کا مطالبہ اس لئے کر رہا ہوں کیوں کہ مجھے ان سے پیار ہے۔ حیدرآباد میں پیپلز پارٹی کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ اعلیٰ ترین عدالت کے 2 ججز نے وزیراعظم کو نااہل قرار دیا جب کہ 3 ججز نے بھی کہا کہ وزیراعظم جھوٹے ہیں ان کے خلاف تحقیقات ہونی چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ شرم کی بات ہے کہ (ن) لیگ والے کہتے ہیں کہ حکومت بچ گئی، سپریم کورٹ نے بوگس کہہ دیا اب نااہلی کے لیے مزید کیا چاہیے، نواز شریف اب عدالت عظمیٰ سمیت پوری قوم کے سامنے صادق اور امین نہیں رہے۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ نواز شریف کے  بہت سے رشتے دار وزیر ہیں، وہ اگر عہدہ چھوڑ بھی دیں تو اپنے خاندان میں سے کسی کو اپنے منصب پر بٹھا دیں لیکن اتنی تنقید سننے کے بجائے اس وقت وہ مستعفیٰ ہوجائیں تو یہ ان کے لئے اور ملک کے لئے بہتر ہے، وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ اس لئے کر رہا ہوں کیوں کہ مجھے ان سے پیار ہے، اس وقت یہ صرف پیپلزپارٹی کا نہیں پوری  قوم کا مطالبہ ہے اور  اسی میں وزیراعظم کی عزت بھی ہے، آپ کو کسی بھی حالت میں جانا تو ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے چند وزیر پیپلزپارٹی کے خلاف کھلے چھوڑے ہوئے ہیں جن میں سے ایک جھوٹا اور متعصب وزیر خود نواز شریف کا دشمن ہے، اور ایان علی کا نام لیتے ہی اس کا ایمان جوش میں آجاتا ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ نوازشریف  مسلم لیگ (ن) کے وزیراعظم ہیں اور مسلم لیگ ہر آمر کا ہتھیار رہی ہے، سب نے مسلم لیگ کو استعمال کیا اس لئے نوازشریف کو کچھ  نہیں ہوگا لیکن تمام اپوزیشن جماعتوں کو مشترکہ پلیٹ فارم سے جدوجہد کرنی چاہیئے۔ عمران خان کے حوالے سے مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ عمران خان کو پنجاب میں خوف ہے اس لئے وہ پیپلز پارٹی کو نشانہ بنارہے ہیں پی ٹی آئی رہنماؤں سے کہتا ہوں کہ وہ اپنے لیڈر کو سمجھائیں کہ حکمران انگلی سے نہیں بلکہ سیاسی یکجہتی سے گھر جائیں گے، ہمیں بہتری کی امید ہے اس لئے خان صاحب کے خلاف نہیں بولتے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close