کھیل و ثقافت

ثقلین مشتاق نے انگلش اسپنرز کی رہنمائی شروع کردی

کراچی: سابق پاکستانی ٹیسٹ اسٹار ثقلین مشتاق نے انگلش اسپنرز کی رہنمائی شروع کر دی، ان کا ساتھ حاصل ہونے کے بعد ہی میزبان ٹیم نے جنوبی افریقہ سے جاری پہلے ٹیسٹ میں2اسپنرز کو ایک ساتھ میدان میں اتارا،24برس بعد لارڈز میں ایسا ہوا ہے۔ ثقلین کے مطابق وہ معین علی اور لیام ڈاسن کے کھیل میں نکھار لانے کی ہرممکن کوشش کر رہے ہیں،مستقبل میں موقع ملا تو اپنے ہم وطنوں کے کام آ کر بھی خوشی محسوس کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق انگلش کرکٹ بورڈ نے ثقلین مشتاق کو چند ماہ قبل2 برس کیلیے اسپن بولنگ کنسلٹنٹ مقرر کیا تھا، انھیں سال میں 100 دن کام کرنا ہے، جنوبی افریقہ سے انگلینڈ کی ہوم سیریز میں وہ میزبان کوچنگ اسٹاف کا حصہ ہیں،ان کے ساتھ سے تقویت پا کر انگلش ٹیم نے 24 سال بعد لارڈز ٹیسٹ میں 2 اسپنرز کو کھلایا، ثقلین مشتاق نے لندن سے فون پر نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں معین علی اور لیام ڈاسن کی صلاحیتیں نکھارنے کیلیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہوں، دیگر کھلاڑیوں کی رہنمائی کا سلسلہ بھی جاری ہے، انھوں نے کہا کہ معاہدے کے تحت مجھے انگلش ٹیم کے ساتھ لائنز اور انڈر 19 پلیئرز کی بھی کوچنگ کرنا ہے۔

کوشش ہے اپنا فن نوجوان کھلاڑیوں میں منتقل کروں، ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ میری دیرینہ خواہش ہے کہ اپنے ہم وطنوں کی بھی رہنمائی کروں،مستقبل میں جب کبھی ایسا موقع ملا تو ضرور یہ کروں گا، ہمارے ملک میں چند اچھے سلو بولرز موجود ہیں، شاداب خان نے بھی اچھا پرفارم کیا ہے۔ واضح رہے کہ ثقلین مشتاق نے انگلش ٹیم سمیت نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کیلیے بھی بطور اسپن مشیر خدمات انجام دی ہیں، انگلینڈ نے دورئہ بھارت میں ثقلین کو پہلے ٹیسٹ سیریز اور پھر ون ڈے میں بھی ٹیم کے ساتھ رکھا، اس دوران ای سی بی نے ان کی عمدہ کارکردگی سے متاثر ہو کر لانگ ٹرم معاہدہ کر لیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close