کھیل و ثقافت

سرفراز برطانوی شائقین کی بھی آنکھ کا تارا بن گئے

لیڈز: پاکستان کے کپتان سرفراز احمد برطانوی شائقین کی بھی آنکھ کا تارا بن گئے، یارکشائر میں ان کا ہیروز جیسا خیرمقدم ہو رہا ہے، جمعرات کو وہ ڈربی شائر کے خلاف ٹوئنٹی 20 بلاسٹ میں ڈیبیو کریں گے، انھوں نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن زیادہ تعداد میں اس کلب کو سپورٹ کریں گے، میں ٹیم کو مختصر ترین فارمیٹ میں پہلی ٹرافی جتوانے میں بھرپور کردار ادا کرنے کا خواہاں ہوں۔

تفصیلات کے مطابق سرفراز احمد کاؤنٹی کلب یارکشائر کو جوائن کرچکے اور جمعرات کو ڈربی شائر کے خلاف ٹوئنٹی 20 بلاسٹ میں ڈیبیو کریں گے، ان کی خدمات لیگ راؤنڈ کے 5 میچز کیلیے حاصل کی گئی ہیں،البتہ ٹیم کے ناک آؤٹ راؤنڈ میں پہنچنے کی صورت میں وہ کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے، گزشتہ دنوں بریڈ فورڈ کے پارک ایونیو میں شائقین کی ایک بڑی تعداد نے سرفراز کاخیرمقدم کیا، جس میں کرکٹرز ہی نہیں بلکہ 200 سے زائد دیگر افراد بھی موجود تھے، یارکشائر نے قومی ڈیوٹی پر طلب کیے جانے والے آسٹریلوی کرکٹر پیٹر ہینڈزکومب کی جگہ سرفراز سے معاہدہ کیا ہے۔ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان کو بھارت پر فتح دلانے کے بعد وہ انگلینڈ میں پہلی بار ایکشن میں آئیں گے۔

سرفراز احمد نے کہاکہ لیڈز اور بریڈفورڈ میں بڑی تعداد میں پاکستانی رہتے اورمجھے امید ہے کہ وہ یارکشائر کے میچز دیکھنے کیلیے آئیں گے، انھوں نے کہا کہ بریڈفورڈ پاکستان کی ہی طرح ہے، جب میں نے یارکشائر کے ساتھ معاہدہ کیا تو مجھے سوشل میڈیا پر بہت سے لوگوں نے کہا کہ میری یہاں آمد کے حوالے سے وہ کافی خوش ہیں، یہاں پر بہت سے پاکستانی کرکٹ کھیلتے ہیں، مجھے یقین ہے کہ ایک روز وہ انگلینڈ یا پھر پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

اپنی نئی ٹیم کے حوالے سے سرفراز نے کہاکہ پوائنٹس ٹیبل پر اس کی پوزیشن بہتر ہے، میں یہاں کے پلیئرز سے ملا ہوں، مجھے امید ہے کہ ہم فائنلز کیلیے کوالیفائی کرلیں گے، میں ٹیم کی کامیابی میں کردار ادا کرنے کیلیے پُراعتماد ہوں۔ یاد رہے کہ سرفراز یارکشائر جوائن کرنے والے پانچویں پاکستانی ہیں، ان سے قبل یونس خان، انضمام الحق، رانا نوید الحسن اور عمران طاہر (اب جنوبی افریقہ) اس کلب کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ سرفراز نے کہاکہ یہاں آنے سے قبل میری یونس خان سے بات ہوئی تو انھوں نے مجھے بتایا کہ یہ بہت ہی اچھی کاؤنٹی اور اس کی مینجمنٹ بہتر ہے، یونس نے مجھے یہ بھی کہا کہ مجھے اس کلب میں بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close