کھیل و ثقافت

صحافی عجیب سوال کرتے ہیں، مجھے ہمیشہ تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے: شاہد آفریدی

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) صحافی کی طرف سے پوچھے گئے سوال کو ” گھٹیا “ قرار دے کر منظر عام سے غائب ہونے والے شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پررسوائی کا سامنا کرنے کے بعد بالآخر موقف دیدیا ہے لیکن اس بار بھی انہوں نے اپنی غلطی تسلیم کرنے کے بجائے ایک بار پھر صحافیوں کو ہی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
نجی ٹی وی میں گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ایک بار پھر صحافیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ میڈیا کو یہ سوچنا چاہیے کہ وہ دنیا کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں صحافی عجیب قسم کے سوال کرتے ہیں اورمجھے ہمیشہ تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔بار بار مجھ سے اسی قسم کے سوالات کیے جاتے ہیں اورمجھ سے منسوب کرکے من گھڑت بیانات نشر کیے جاتے ہیں۔میری پرفارمنس سب کے سامنے ہے ،20 سال سے پرفارمنس کے بغیر کرکٹ نہیں کھیل رہا،ہم نے آخری 10 میچوں میں سے 6 میں کامیابی حاصل کی ہے۔کیمپ میں بھرپورانداز میں تیاری کی ٹی 20 ورلڈ کپ میں اچھی پرفارمنس دینا چاہتے ہیںاور کیریئر کا اختتام اچھے انداز میں کرنا چاہتا ہوں۔پی ایس ایل کے حوالے سے آفریدی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل سے کھلاڑیوں کی پرفارمنس میں بہتری آئے گی ،پی ایس ایل کے انعقاد کا کریڈٹ پی سی بی کو جاتا ہے۔
واضح رہے کہ 6 جنوری کو ایک پریس کانفرنس کے دوران قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی ایک صحافی پر برہم ہوگئے اور ان کے سوال کو گھٹیا قرار دیدیا۔صحافی کی طرف سے آفریدی سے سوال کیا گیا تھا کہ” ان کی کپتانی میں قومی ٹی 20 ٹیم کی ہارنے کی شرح سب سے زیادہ ہے تو آئندہ ورلڈ کپ میں ٹیم کی کامیابی کیلئے ان کے پاس کیا پلان ہے؟“۔ صحافی کا یہ سوال آفریدی کی طبیعت پر انتہائی گراں گزرا اور سوال کا جواب دینے کی بجائے انہوں نے کہا کہ ” مجھے آپ سے یہی امید تھی کہ آپ گھٹیا سوال ہی کریں گے“۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close