دنیا

بھارت ۱۰۰ ارب ڈالر سے کیا بناےٓ گا ؟

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) مودی سرکارنے بھارت میں ایک ایسی چیز بنانے پر 100ارب ڈالرکی خطیر رقم خرچ کرنے کا اعلان کر دیا ہے کہ عمران خان کو بالکل یقین نہیں آئے گا کیونکہ پاکستان میں یہی چیز بنانے پر وہ اپنے مخالفین کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے رہتے ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ چیز پورے ملک پر محیط روڈ انفراسٹرکچر ہے۔ بھارت سرکار نے پورے ملک میں سڑکوں کا جال بچھانے پر 100کھرب روپے خرچ کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ معاشی ترقی کی رفتار کو تیز کیا جا سکے۔ رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے معروف ماہر معاشیات جان مےنرڈ کینز کا کہنا ہے کہ جس ملک نے معاشی ترقی کرنی ہے اسے اپنے ہاں بہترین سڑکوں کا جال بچھانا چاہیے۔ بھارت اب جان مینرڈ کی اس نصیحت پر عمل پیرا ہونے جا رہا ہے کیونکہ گزشتہ تین سالوں سے اس کی معاشی ترقی کی رفتار سست تر ہوتی جارہی ہے۔ اس منصوبے کے تحت اگلے پانچ سال میں بھارت بھر میں 83ہزار 677کلومیٹر طویل سینکڑوں سڑکیں بنائی جائیں گی۔ بھارتی ماہرمعاشیات میہیر سورپ شرما کے مطابق مذکورہ رقم کا زیادہ تر حصہ 34ہزار 800کلومیٹر طویل ہائی وے پر خرچ کیا جائے گا جو بھارت کا 20سال پرانا منصوبہ ہے۔ تاہم مودی سرکاری اسے نیا قرار دے رہی ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس میں کوئی اچنبھے کی بات نہیں کیونکہ مودی سرکار پرانے منصوبوں کو اپنا قرار دینے میں خاصی شہرت رکھتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ”بھارت اگر اس منصوبے کو آئندہ پانچ سال میں مکمل کرنا چاہتا ہے تو اسے انتہائی تیزی کے ساتھ کام کرنا ہو گا اور ہر سال 16ہزار 735کلومیٹر طویل سڑکیں بنانی ہوں گی۔ بھارتی حکومت کے اعدادوشمار کے مطابق 2014-15ءکے دوران حکومت نے 4ہزار 410کلومیٹر طویل سڑکیں بنائی تھیں، اگلے سالوں میں بھی یہ شرح لگ بھگ اتنی ہی رہی۔ اگر اب بھی اسی رفتار سے کام ہوا تو پانچ سال میں منصوبے کی تکمیل خواب بن کر رہ جائے گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close