دنیا

کینیڈا کے اسکول میں فائرنگ، 4 افراد ہلاک

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے بعد سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی سمٹ میں شرکت کے لیے جانے والے کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے پریس کانفرنس کے دوران صوبے سَسکا چَوّن کے قصبے لالوشے کے اسکول میں فائرنگ سے ہلاکتوں کی تصدیق کی

انہوں نے کہا کہ تمام والدین کے لیے یہ صورت حال ایک بدترین ڈراؤنے خواب کی طرح ہے، تاہم مشکل کی اس گھڑی میں وہ مرنے والوں کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔

جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ فائرنگ کے واقعے میں 5 افراد ہلاک اور 2 شدید زخمی ہوئے، تاہم رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس کے ترجمان نے نظرثانی کے بعد 4 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کی۔

مقامی پولیس کی سپرنٹنڈنٹ مورین لیوی نے صحافیوں کو بتایا کہ فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور فائرنگ کرنے والے مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس اسکول کے اطراف میں واقع گھروں کی بھی تلاشی لے رہی ہے، تاہم اس حوالے سے انہوں نے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

حکام نے حملہ آور اور ہلاک ہونے والوں کی شناخت اور عمریں بھی ظاہر نہیں کیں۔

واقعے کے کئی عینی شاہدین کا کہنا ہے حملہ آور نے اسکول کی عمارت میں گھس کر فائرنگ شروع کردی، فائرنگ کرنے والا ایک نوجوان تھا، جو بظاہر طالب علم لگ رہا تھا۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد کمیونٹی اسکول کی دونوں عمارتوں کو بند کردیا گیا، جبکہ دور دراز علاقہ ہونے کی وجہ سے زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

واضح رہے کہ کینیڈا کے کسی اسکول میں فائرنگ کا یہ واقعہ گزشتہ 26 سالوں کا بدترین واقعہ ہے۔

6 دسمبر 1989 کو مونٹریال کے پولی ٹیکنک اسکول میں ایک 25 سالہ نوجوان کی فائرنگ کے نتیجے میں 10 طالبات سمیت 14 طالب علم ہلاک ہوئے تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close