دنیا

افغان مہاجرین کے قیام میں 31 دسمبر تک توسیع

پاکستان نے ملک میں مقیم افغان مہاجرین کے قیام کی آخری تاریخ میں مزید چھ ماہ کی توسیع کر دی ہے۔

یو این ایچ سی آر ذرائع کے مطابق اب پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کے قیام کی آخری تاریخ 31 دسمبر 2016 ہو گی۔

اس سے پہلے ان مہاجرین کی پاکستان میں قیام کی آخری تاریخ 30 جون 2016 تھی۔

پاکستان میں اس وقت لگ بھگ 16 لاکھ رجسٹرڈ افغان مہاجرین آباد ہیں لیکن اتنی ہی تعداد میں غیر رجسٹرڈ مہاجرین رہ رہے ہیں۔

اس سے پہلے حال ہی میں یواین ایچ سی آر کے سربراہ فلیپوگرانڈی پاکستان کے تین روزہ دورے پر آئے تھے جس میں اُنھوں نے اعلان کیا تھا کہ رضاکارانہ طور پر واپس جانے والے مہاجرین کے خاندانوں کو دی جانے والی معاوضے کی رقم کو دُگنا کیا جائے گا۔ افغان خاندانوں کو فی کس 200 ڈالر معاوضہ دیا جاتا تھا لیکن اب اس معاوضے کو 400 ڈالر فی کس کر دیاگیا ہے۔

اپنے دورے کے دوران فلیپوگرانڈی نے صدر مملکت ممنون حسین، مشیرخارجہ سرتاج عزیز، سیفران کے وزیر جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ کے علاوہ اعلی حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں کی تھیں اور ان کے ساتھ پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کے مسائل اور ان کی وجہ سے پاکستان کی اقتصادی اور سیکورٹی خدشات پر بھی بات چیت ہوئی تھی۔

فلیپوگرانڈی کا کہنا تھا کہ یواین ایچ سی آر یو این کے دیگر اداروں کے ساتھ مل کر مہاجرین کے ساتھ ساتھ میزبان کمیونٹی کی بھی ہر ممکن امداد کی جائے گی۔

واضح رہے کہ افغانستان میں سال 1979 میں شورش کے بعد لاکھوں افغان دنیا کے دیگر کئی ممالک کے ساتھ ہمسایہ ممالک پاکستان اور ایران میں بھی مقیم ہوگئے تھے۔ اُس وقت پاکستان کے مختلف شہروں میں 50 لاکھ کے قریب افغان مہاجرین آباد ہوئے تھے

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close