Featuredدنیا

ہالینڈ میں ہونے والا گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ

ایمسٹرڈیم: ہالینڈ میں ہونے والے گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کو منسوخ کردیا گیا۔ ہالینڈ کے اسلام مخالف رکن اسمبلی گیئرٹ ولڈرز نے مقابلہ منسوخ کرنے کا فیصلہ پاکستان میں مظاہروں کے بعد کیا۔ گیئرٹ ولڈرز نے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ خاکوں کا مقابلہ نہ کروایا جائے۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہالینڈ کے پاکستان میں سفیر نے بتایا کہ گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ ترک کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں سے مسلمانوں میں اضطراب پیدا ہوا، ہم نے ڈچ وزیر خارجہ سے پاکستانی عوام کے جذبات کا اظہار کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک لبیک نے گستاخانہ خاکوں پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا، اللہ کا کرم ہوگیا کہ معاملہ ٹل گیا اب درخواست ہے کہ احتجاجی قافلہ پر امن طور پرمنشتر ہوجائے۔

گستاخانہ خاکوں کےخلاف اسلام آبادمیں احتجاجی ریلی ختم

بعدازاں تحریک لبیک پاکستان نے  اسلام آباد میں ریلی ختم کرنےکا اعلان کردیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں کہا کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کی منسوخی پاکستانی حکومت اور عوام کی بڑی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا پیغام اور ان کی ہدایت پر وزارت خارجہ کے روابط اس کامیابی کاباعث بنے۔

اس سے قبل ایک ویڈیو پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ گستاخانہ خاکوں کے مسئلے پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے ذریعے اقوام متحدہ میں بات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کا مسئلہ ہر مسلمان کا مسئلہ ہے، نبی صلی اللہ علیہ وسلم مسلمانوں کے دل میں رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب کوئی نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شان میں گستاخی کرتا ہے تو تمام مسلمانوں کو تکلیف ہوتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ مغرب کے لوگوں کو اس چیز کی سمجھ نہیں ہے کیوں کہ ہم مسلمانوں نےان کوسمجھایا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح مغرب کے لوگ اپنے دین کو دیکھتے ہیں وہ بالکل مختلف ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close