دنیا

رپبلکنز کے خلاف احتجاج اور قومی راز افشا کرنے کے پیچھے اوباما

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ریپبلکن سیاستدانوں کے خلاف احتجاج اور قومی راز افشا ہونے کے پیچھے سابق صدر براک اوباما کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔

فوکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ‘میرا خیال ہے کہ اس کے پیچھے اوباما ہیں کیونکہ ان کے لوگ یقیناً اس کے پیچھے ہیں۔

تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ‘میں یہ بھی سمجھتا ہوں کہ یہ صرف سیاست ہے۔’

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ان دعوؤں کے حوالے سے کوئی ثبوت نہیں دیے اور نہ ہی سابق صدر براک اوباما کی جانب سے ان الزامات پر کوئی ردِ عمل سامنے آیا ہے۔

اپنے انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے بجٹ کے منصوبے اور دیگر معاملات پر بھی بات کی۔

ٹرمپ نے اپنے اہداف کے حصول کے لیے خود کو اے گریڈ دیا جبکہ انھوں نے اپنے پیغام کو پھیلانے کے لیے خود کو سی گریڈ دیا۔

انھوں نے دفاعی بجٹ کے لیے 54 ارب ڈالر مختص کرنے پر کہا کہ یہ فیصلہ معیشت کو مستحکم کر دے گا۔

وائٹ ہاؤس میں نامہ نگاروں کے عشائیے میں شرکت نہ کرنے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ان کا اس تقریب میں شرکت کرنا منافقت ہوگی۔

یاد رہے کہ امریکی صدر نے اعلان کیا ہے کہ وہ 29 اپریل کو میڈیا اور مشہور شخصیات کے لیے وائٹ ہاؤس میں منعقد کیے جانے والے خصوصی عشائیے میں شامل نہیں ہوں گے۔

ٹرمپ اپنی انتظامیہ یا پالیسیوں پر نکتہ چینی کرنے والی خبروں کو جعلی خبریں کہتے ہیں اور چند روز قبل کہا تھا کہ’جعلی خبریں’ عوام کی ‘دشمن’ ہیں۔

امریکی صدر کا یہ انٹرویو کانگرس سے ان کے پہلے خطاب سے کچھ ہی گھنٹے پہلے نشر ہوا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے خطاب میں ملکی معیشت کو بڑھانے اور کٹوتیوں کے حوالے سے اپنے منصوبوں کی تفصیلات دیں گے۔

ان سے پوچھا گیا کہ وہ اس بارے میں مزید بتائیں کہ وہ اگلے برس کے لیے 10 فیصد اضافے پر مبنی دفاعی بجٹ کے لیے مزید اور رقم کہاں سے لائیں گے۔ کیونکہ تجویز کردہ کٹوتیاں شاید اس کے لیے کافی نہیں ہوں گی۔

اس کے جواب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ امریکہ سے فوجی سامان بنانےوالے ممالک سے بات کریں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close