دنیا

اوباما کی رگوں میں غلاموں کا خون ہے۔جاپانی رکن پارلیمان مارویاما

امریکی صدر براک اوباما کے بارے میں نازیبا بیان دینے پر جاپانی وزیر اعظم شنزو آبے نے اپنی ہی جماعت کے ایک رکنِ پارلیمان کی سرزنش کی ہے۔

جاپان میں حکمران جماعت کے ایک رکن کازویا مارویاما نے بدھ کو پارلیمان کے اجلاس کے دوران کہا تھا کہ امریکی صدر براک اوباما کی رگوں میں غلاموں کا خون ہے۔

جاپانی وزیراعظم نےاس بیان پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندوں کو اپنے آپ پر قابو رکھنا چاہیے۔

صدر اوباما کی والدہ سفید فام تھیں جبکہ ان کے سیاہ فام والد کا تعلق کینیا سے تھا اور وہ ایک طالب علم کی حیثیت سے امریکہ گئے تھے۔

جاپانی رکن پارلیمان مارویاما نے یہ کلمات امریکہ کے دنیا کی عظیم طاقت بن کے ابھرنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہی تھی۔

انھوں نے کہا کہ امریکہ میں ایک سیاہ فام شخص صدر ہے جس کی رگوں میں سیاہ فام لوگوں کا خون ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ بات امریکہ بنتے وقت کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ ایک سیاہ فام شخص ایک دن امریکہ کا صدر بنے گا۔ انھوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ امریکہ آج ایک عالمی طاقت ہے۔

بعد ازاں جب اخباری نمائندوں نے مارویاما سے اپنی بات مزید واضح کرنے کے لیے کہا تو انھوں نے اپنے کلمات پر معافی مانگ لی۔

لیکن حزب اختلاف کے اراکین نے اس بات پر اعتراض کرتے ہوئے منگل کو پارلیمان میں ایک مذمتی قرارداد جمع کروائی اور مارویاما سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔

جمعے کے روز وزیر اعظم نے اس بارے میں سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں اس بات کا اچھی طرح احساس ہونا چاہیے کہ ہم عوام کے منتخب نمائندے ہیں اور ہمیں اپنے آپ پر قابو ہونا چاہیے کیونکہ ہمارے منہ سے نکلے ہوئے الفاظ اہمیت رکھتے ہیں۔‘

وزیر اعظم آبے کی جماعت لبرل ڈیموکریٹ پارٹی کے کئی اور اراکان گذشتہ چند ماہ میں تنازعات کا نشانہ بن چکے ہیں۔

گذشتہ ہفتے کنسوکی میازاکی نے اس بات کا اعتراف کرتے ہوئے اپنی رکنیت سے استعفٰی دے دیا کہ جب ان کی بیوی امید سے تھیں تو ان کے کسی عورت سے تعلقات تھے۔

اس سے قبل اقتصادی امور کے وزیر اکارا اماری نے یہ الزامات سامنے آنے کے بعد اپنے عہدے سے استعفٰی دے دیا تھا کہ انھوں نے ایک تعمیراتی کمپنی سے رشوت وصول کی تھی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close