کشمیر

سیاسی لیڈر کی بے قدری قابل قبول نہیں، وزیراعظم

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں جو کام کرے اسے عدالتوں میں گھسیٹا جاتا ہے، یہ سلسلہ اب بند ہونا چاہیئے۔ مظفر آباد میں نیلم جہلم منصوبے کے پہلے یونٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تنقید کرنے والے تنقید کریں گے ہم اپنا کام کرتے رہیں گے، جو لوگ کام کرتے ہیں انہیں عدالتوں میں گھسیٹا جاتا ہے، جس ملک میں سیاستدان کی عزت نہیں ہوگی وہاں ترقی نہیں ہوگی، فیصلہ عوام کا ہوتا ہے، جولائی میں عوام جو فیصلہ کریں گے وہ سر آنکھوں پر ہوگا لیکن یہ جو لیڈروں کی عزت نہ کرنے کا سلسلہ چل پڑا ہے اسے بند ہونا چاہیئے، سیاسی لیڈر کی بے قدری قابل قبول نہیں ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان 70 سال سے کشمیر کا مقدمہ لڑرہا ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کا مسئلہ حل ہونا چاہیئے، گزشتہ دنوں اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری سے ملاقات میں کشمیریوں پر بھارتی مظالم و بربریت سے آگاہ کیا، 7 لاکھ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھا رہی ہے، اب اس ریاستی دہشت گردی کو بند ہونا چاہیئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر انسانی حقوق کا ایک مسئلہ ہے جو پوری دنیا کے لیے انسانی حقوق کا چیلنج ہے ہم اس مسئلے کو نہیں بھلا سکتے ہم نے ہرسطح پر اس مسئلے کو اٹھایا ہے اور اٹھاتے رہیں گے، ہم کشمیری عوام کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہندوستان پر دباؤ آتا ہے تو وہ ایل او سی پر فائرنگ شروع کر دیتا ہے جس کا ہم بھرپور جواب دیتے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ماضی کی کسی حکومت نے بجلی توانائی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے کچھ نہیں کیا، کسی سابق حکومت نے 2 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا نہیں کی لیکن ہماری حکومت نے 10 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی اور توانائی خاتمے کے لیے متعدد منصوبے بنائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیلم جہلم پاک چین دوستی کا شاہ کار منصوبہ ہے، لوگ کہتے رہے یہ منصوبہ مکمل نہیں ہوگا لیکن مشکلات کے باوجود منصوبہ کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں حکم دیا گیا کہ منصوبوں کی تفصیل اخباروں میں نہ دی جائے ہم نے مان لیا، اتفاق ہو یا نہ ہو ہمیں عدالتوں اور الیکشن کمیشن کے حکم کی تعمیل کرنا پڑتی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close