تعلیم و ٹیکنالوجی

آئی بی ایم نے 128 جی بی ریم والا لیپ ٹاپ پیش کردیا

سلیکان ویلی: مشہورِ زمانہ کمپنی آئی بی ایم نے 128 گیگا بائٹ ریم اور 6 ٹیرابائٹ ہارڈ ڈسک والا لیپ ٹاپ پیش کرنے کا اعلان کردیا ہے جو بطورِ خاص تھری ڈی تصاویر اور موویز کےلیے استعمال کیا جاسکے گا۔ اپنی 15.6 انچ اسکرین، 4 کے ڈسپلے اور آٹھویں نسل کے انٹیل ہیگزاکور پروسیسر کے ساتھ یہ این ویڈیا کواڈرو پی 3200 گرافکس کارڈ سے بھی لیس ہے۔

آئی بی ایم کی لینوو سیریز میں ’’تھنک پیڈ P52‘‘ کے نام سے پیش ہونے والا یہ لیپ ٹاپ اپنی دیگر خصوصیات کے ہمراہ جدید دور کی طاقتور گرافکس اور اینی میشن کےلیے موزوں ترین ہوگا۔ اپنے تازہ آفیشل بلاگ میں آئی بی ایم لینوو کے پروڈکٹ مینیجر لین جیزف نے بتایا ہے کہ تھنک پیڈ P52 کا استعمال صرف گرافکس یا اینی میشن تک ہی محدود نہیں رہے گا بلکہ اسے انجینئرنگ اور میڈیکل سائنس سے لے کر اسٹاک مارکیٹ تک سے متعلق ایسے تحقیقی کاموں میں بھی استعمال کیا جاسکے گا جہاں موجودہ دور کے لیپ ٹاپ/ ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز یا تو بہت سست رفتار ثابت ہوتے ہیں یا پھر بالکل ہی بے کار رہتے ہیں۔

تھنک پیڈ P52 کو اس ماہ یعنی جون 2018 کے اختتام تک فروخت کےلیے پیش کردیا جائے گا جبکہ اس کی تعارفی قیمت 1010 ڈالر (تقریباً سوا لاکھ پاکستانی روپے) مقرر کی گئی ہے۔ تاہم 128 جی بی ریم کےلیے صارفین کو کچھ زیادہ رقم ادا کرنا ہوگی۔

دلچسپی کی بات تو یہ ہے کہ اس میدان میں آئی بی ایم لینووو اکیلا نہیں بلکہ اس کے مقابلے پر ڈیل کمپنی نے ’’پریسیشن 7530‘‘ اور ’’پریسیشن 7730‘‘ لیپ ٹاپ کمپیوٹرز پیش کردیئے ہیں۔ ان دونوں کے ڈسپلے بھی 4K کوالٹی کے حامل ہیں جو 128 جی بی تک ریم سپورٹ کرسکتے ہیں۔ ان کی تعارفی قیمت 1199 ڈالر (تقریباً ڈیڑھ لاکھ پاکستانی روپے) سے شروع ہورہی ہے۔ فی الحال یہ دیکھنا باقی ہے کہ کیا آئی بی ایم اُس شہرت اور اعتبار کا پاس رکھ سکے گا جو اس کے ’’لینووو‘‘ برانڈ کے ساتھ وابستہ ہے۔
لائک کریںفالو کریں

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close