تعلیم و ٹیکنالوجی

ایپل کے نئے آئی فون سیون کی لانچ آج متوقع

یہ نیا فون ایسے وقت سامنے آ رہا ہے جب ایپل کے کاروباری حریف سام سنگ نے اپنے نوٹ سیون فون کی بیٹری کے مسائل سامنے آنے کے بعد اسے واپس منگوانے کا فیصلہ کیا ہے۔

آئی فون سیون میں آنے والی تبدیلیوں کے بارے میں قیاس آرائیوں کا سلسلہ خاصے عرصے سے جاری ہے۔

کئی لوگوں کا خیال ہے کہ ایپل کے اس نئے فون میں ہیڈ فون جیک نہیں ہوگا جس کے بعد یا تو صارفین بلو ٹوتھ ہیڈ فون خریدنے پر مجبور ہو جائیں گے یا پھر وہ ایسے ہیڈ فون لیں گے جو ایپل کی فون چارجنگ کے لیے استعمال ہونے والی لائٹنگ پورٹ میں لگ سکیں گے۔

تاہم یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ پرانے ہیڈفون مکمل طور پر متروک نہیں ہوں گے اور امکان ہے کہ ایپل ان کے استعمال کے لیے ایڈاپٹر جیک فراہم کرے گا۔

نئے فون میں متوقع اپ ڈیٹس ٹیکنالوجی کی دنیا میں کوئی خاص ہلچل مچانے میں کامیاب نہیں ہوئیں کیونکہ ان میں کوئی بڑی تبدیلی یا تنوع موجود نہیں ہے۔

ایسی افواہیں بھی ہیں کہ اس نئے ماڈل میں بیشتر چیزیں پرانی ہیں لیکن قدرے بہتر ہیں۔

توقع کی جا رہی ہے کہ آئی فون سیون میں کیمرے کا معیار بہتر ہوگا اور بڑے ماڈلز میں دو عدسوں والا کیمرہ بھی پیش کیا جا سکتا ہے۔ اس قسم کا کیمرہ تصویر کی کوالٹی کو بہتر بنا سکتا ہے۔

اس کے علاوہ متوقع تبدیلیوں میں پہلے سے بہتر میموری، ہوم بٹن کی ٹچ سینسر سے تبدیلی اور بہتر سپیکرز شامل ہیں۔

یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ فون پانی میں محفوظ رہنے کے قابل ہوگا اور تیس منٹ تک ڈوبے رہنے کے باوجود کام کرتا رہے گا۔

امکان ہے کہ نیا آئی فون دو مختلف سائز میں پیش کیا جائے گا جنھیں آئی فون 7 اور آئی فون 7 پلس کے نام دیے جائیں گے۔

فون کے ڈیزائن میں زیادہ تبدیلی متوقع نہیں تاہم یہ کہا جا رہا ہے کہ ایپل یہ فون مزید رنگوں میں مہیا کرے گا اور سیاہ رنگ کی واپسی بھی متوقع ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close