Featuredپنجاب

اسمبلیاں تحلیل کا اعلان، شہباز شریف کی چوہدری شجاعت اور آصف زرداری سے اہم ملاقات

لاہور: شہباز شریف اور آصف زرداری کا موجودہ سیاسی صورت حال پر گہری نظر رکھنے اور متحرک رہنے پر بھی اتفاق

عمران خان کے 23 دسمبر کو پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں توڑنے کے اعلان کے بعد ملک میں سیاسی درجہ حرارت بڑھ گیا ہے، پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں اسمبلیوں کو بچانے کے لیے متحرک ہیں جس کے لیے رابطے تیز اور ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

شہباز شریف کی پاکستان مسلم لیگ (ق)کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات ہوئی جس میں موجودہ سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے معیشت کی بحالی اور عوام کے ریلیف کے حوالے کی جانے والی کوششوں سے چوہدری شجاعت کو آگاہ کیا، جس پر مسلم لیگ ق کے سربراہ نے ملک اور عوام کو مسائل سے نکالنے کے لئے وزیراعظم کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔ دونوں قائدین نے باہمی تعاون اور اشتراک عمل مزید بہتر اور مضبوط بنانے پراتفاق کیا۔

دونوں قائدین نے اتفاق کیا کہ سیاسی استحکام اور قریبی تعاون ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کے لئے ضروری ہے۔

دوسری جانب آصف علی زرداری پنجاب اسمبلی کو تحلیل سے روکنے کیلیے متحرک ہوگئے ہیں جس کے لیے انہوں نے شہباز شریف اور مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے اہم ملاقاتیں کیں۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے رابطے بڑھانے اور پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے کا ٹاسک چوہدری شجاعت کو دینے پر اتفاق کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات میں اتفاق گیا ہے کہ ملک میں کسی کو سیاسی عدم استحکام پیدا نہیں کرنے دیں گے جبکہ معیشت کو ڈیفالٹ کرانے کی سازشیں کرنے والوں کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کیے جائیں گے۔

عوام کے ریلیف، معاشی سرگرمیوں میں اضافے سے متعلق امور پر دونوں قائدین نے مشاورت کی جبکہ معاشی بہتری کے ساتھ عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے نجات دلانے کے اقدامات تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

دونوں قائدین کا اتحادی جماعتوں کی سیاسی طاقت بڑھانے پر اتفاق کیا اور کہا کہ سیاسی استحکام پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے ضروری ہے. پاکستان کو معاشی خطرات سے بچانے کے لئے ہر حد تک جائیں گے۔ سیاسی استحکام، معاشی بہتری کے لئے اتحادی حکومت ثابت قدمی سے آگے بڑھتی رہے گی۔

 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close