Featuredاسلام آباد

اگست میں ذمہ داریاں نگراں حکومت کے سپرد کر دیں گے : شہباز شریف

پاکستان میں ڈیفالٹ کا خطرہ اور مخالفین کی ناپاک خواہشیں مٹی میں مل چکی

اسلام آباد: قرض لے لے کر ہم نے اپنے وقار کو مجروح کرلیا ہے، اب کشکول توڑ کر محنت کرنا ہوگی

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں اپریل 2022 کو بطور وزیراعظم ذمہ داری سونپی گئی تھی، اگست میں نگراں حکومت کو معاملات سپرد کردیں گے، قرض لے لے کر ہم نے اپنے وقار کو مجروح کرلیا ہے لیکن اب کشکول توڑ کر محنت کرنا ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملکی مفادات کی راہ میں بچھائی گئی بارودی سرنگیں صاف کیں، 15 ماہ میں چارسال کی بربادیوں کا ملبہ صاف کیا، معیشت، خارجہ تعلقات سمیت دیگر شعبوں میں لگی آگ بجھائی، اس عرصے میں ہم نے سیاست نہیں کی بلکہ ریاست کی حفاظت کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ ووٹ بینک کی فکر نہیں کی اسٹیٹ بینک میں اضافے کی فکر کی، ہم ملکی معیشت کی بحالی میں مصروف تھے اور کچھ لوگ ملک کو ناکام بنانے میں مصروف تھے، پاکستان کے ڈیفالٹ کا خطرہ اور اُن کی ناپاک سازش مٹی میں مل چکی ہے۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ اب وقت آ گیا ہے ہمیں اپنے پیروں پر کھڑا ہونا ہے، ملکی معیشت کی بحالی کیلئے جامع پروگرام بنا لیا گیا ہے، ملکی معیشت کی بحالی کے پروگرام کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ وطن دشمن سازشوں کے باوجود ہم نے ہمت نہیں ہاری، اب ہمارے سامنے ایک ہی راستہ ہے کہ کشکول توڑ دیں، مقروض ہونا چھوڑ دیں، پوری قوم یکسو ہے کہ قرض کی زندگی نا منظور ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close