Featuredپنجاب

کسی بھی سیاسی جماعت کو اظہار کی آزادی حاصل ہے، مرتضیٰ سولنگی

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ ہمارا کوئی سیاسی دوست اور سیاسی دشمن نہیں، کسی بھی سیاسی جماعت کو اپنے خیالات پیش کرنے کی آزادی حاصل ہے، تنقید اُن کا جمہوری حق ہے، ہم یہ حق اُن سے نہیں لے سکتے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم کسی سیاسی جماعت کے حق میں اور مخالف نہیں، ملک کے آئین اور قانون کے تحت چلنے والی کسی بھی کارروائی میں ہم کسی قسم کی مداخلت کا ارادہ نہیں رکھتے، اگر کسی کے خلاف آئین، قانون اور عدالتیں کوئی قدم اٹھاتی ہیں ہم اس عمل کو نہیں روک سکتے۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے، صاف، شفاف، غیر جانبدارانہ اور آزادانہ انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے حلف کی پاسداری کریں گے، حلف کی خلاف ورزی کا سوچ نہیں سکتے، ہمارے پاس ناامیدی کی کوئی خبر اور وعدہ خلافی کا کوئی شائبہ نہیں۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اپنی ویب سائیٹ پر پورا شیڈول جاری کر رکھا ہے، الیکشن ایکٹ کے تحت سیاسی جماعتوں کو مہم کے لئے 54 دن دینا پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے، لوگوں کو اظہار رائے کی آزادی حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی ایک حقیقت ہے، عوام کی مشکلات کا احساس ہے، کوئی ملک مہنگا تیل خرید کر سستا بیچنے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

صدر مملکت کے ٹویٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ صدر مملکت نے جس دن ٹویٹ کیا اسی دن ہم نے قانونی پوزیشن واضح کر دی تھی۔ صدر مملکت کو ریاستی نظام میں ممتاز حیثیت حاصل ہے، صدر مملکت آئین کے تحت پارلیمان کا حصہ ہیں، ہماری حکومت ان کے منصب کا احترام کرتی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close