Featuredدنیا

فلسطین اور اسرائیل کے درمیان نئی جنگ چھڑ گئی

حماس نے اپنی سہ طرفہ کارروائی کو’آپریشن الاقصی فلڈ‘ کا نام دیا ہے

 فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے اسرائیل پر زمین، سمندر اور فضا سے حملہ کر دیا۔

حماس کے حملے میں 22 اسرائیلی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

حماس کی القسام بریگیڈ نے اسرائیلی علاقوں میں ڈھائی ہزار سے زائد راکٹ داغے اور پیدل مزاحمت کار اسرائیلی سرحد عبور کر کے اسرائیلی علاقوں میں داخل ہو گئے۔

اسرائیلی اخبار ہاریٹز نے کہا ہے کہ حماس کے اچانک حملوں سے متعدد اسرائیلی ہلاک، سیکڑوں زخمی اور لاتعداد یرغمال بنائے گئے ہیں۔

حماس نے اپنی سہ طرفہ کارروائی کو’آپریشن الاقصی فلڈ‘ کا نام دیا ہے۔

دوسری جانب حماس کے حملوں کے جواب میں اسرائیل نے غزہ پر بمباری شروع کر دی ہے، غزہ میں فلسطینی وزارت داخلہ کی عمارت پر فضائی حملہ کر کے تباہ کر دیا گیا۔

اسرائیل کی جوابی کارروائی میں 20 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔

ترجمان اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ غزہ میں حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

اسرائیلی وزارت دفاع کا دعویٰ ہے کہ عسکریت پسند غزہ سے اسرائیلی علاقوں میں گھس آئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنگی حالات کا الرٹ جاری کر دیا ہے، اسرائیل کے وزیر دفاع نے اضافی فوج طلب کرنے کی منطوری دے دی ہے۔

اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کی زیرِ صدارت ملٹری ہیڈ کوارٹرز میں ہنگامی اجلاس جاری ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے2007ء سے غزہ کا محاصرہ کر رکھا ہے۔

سعودی عرب نے حماس اور اسرائیل سے لڑائی روکنے پر زور دیا ہے۔

سعودی وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔

امریکا نے اسرائیلی شہریوں پر حماس کے حملوں کی مذمت کی ہے، امریکی قومی سلامتی مشیرجیک سلیوان نے اسرائیلی ہم منصب سے رابطہ کیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق حماس حملوں کےخلاف اسرائیلی حکومت اور اسرائیلیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close