Featuredاسلام آبادتجارت

ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے : وزیر اعظم

اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فوائدعام آدمی تک پہنچانے کیلیے اقدامات کو تیز تر کیا جائے ۔

نگراں وزیراعظم نے یہ ہدایات پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عام آدمی تک پہنچانے اور قیمتوں میں کمی یقینی بنانے کے حوالے سے جائزہ اجلاس کے دوران جاری کیں۔

اجلاس میں نگراں وفاقی وزرا مرتضی سولنگی، گوہر اعجاز، کوثر عبداللہ ملک، سمیع سعید، محمد علی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی جبکہ نگراں وزرائے اعلی محسن نقوی، جسٹس (ر) مقبول باقر، اعظم خان، چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور متعلقہ اعلی حکام وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

وزیراعظم کے زیرصدارت ہونےو الے جائزہ اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی اور اسمگلنگ و بجلی چوری کے خلاف آپریشن کے نتائج کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

حکام نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کی بدولت مہنگائی کی شرح میں 1.7 فیصد کمی ہوئی جو گزشتہ ایک برس میں سب سے زیادہ کمی ہے۔

دوران اجلاس وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پیٹرول کی قیمت میں 12.38 فیصد اور ڈیزل کی قیمت میں 4.7 فیصد کمی کے فوائد عام آدمی تک جلد سے جلد پہنچائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں استحکام اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی بدولت مجموعی طور پر 41 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے جس کا ریلیف عام آدمی تک پہنچے گا۔

وزیر اعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، ڈالر کی قیمت میں استحکام اور اسمگلنگ کی روک تھام کے اثرات عام آدمی تک پہنچانے کے لیے چاروں صوبوں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں گندم کی قیمت میں 18 فیصد اور چینی کی قیمت میں اوسطاً 16 فیصد کمی خوش آئند ہے۔

اجلاس کو بریفنگ میں حکام کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ انتظامیہ کی کوششوں کی بدولت قومی سطح پر 24 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔ زرعی پیداوار، بجلی، کرایوں اور صنعتی پیداوار کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی یقینی بنائی جارہی ہے۔

وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے اشیائے خورونوش و ضروریہ کی قیمتوں کی مانیٹرنگ اور فیصلہ سازی کیلیے قومی ادارہ شماریات کی تیار کردہ Decision Support System for Inflation ایپ کا استعمال کیا جارہا ہے۔

اجلاس میں سندھ، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے وزرائے اعلی اور بلوچستان کے چیف سیکریٹری نے اپنے اپنے صوبوں میں کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ چاروں صوبوں میں صوبائی انتظامیہ کے اقدامات کی بدولت سفری کرایوں میں اوسطًا 10 فی صد کمی واقع ہوئی ہے اور ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف آپریشن کیا جارہا ہے۔

حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے نتیجے میں اشیائے صرف کی قیمتوں میں کمی یقینی بنا رہی ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close