Featuredپاکستان

میجر عزیز بھٹی کا 55 واں یوم شہادت، آئی ایس پی آر کا زبردست خراج عقیدت

اسلام آباد : 1965 کی پاک بھارت جنگ میں عزم و جرآت اور بہترین قیادت کی مثام قائم کرنے والے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشان حیدر کا آج 55 واں یوم شہادت جوش و ولولے سے منایا جارہا ہے۔

میجر عزیز بھٹی کا 55 واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر نے میجر عزیز بھٹی شہید کے 55 ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میجر عزیز بھٹی شہید کی شاندار قیادت اور جرات ہمیں پاکستان کےہرصورت دفاع کاسبق دیتی ہے۔

پاکستان کے ازلی دشمن بھارت نے 9 اور 10 ستمبر کی درمیانی رات کو سارے سیکٹر میں بھرپور حملے کے لیے اپنی ایک پوری بٹالین جھونک دی۔

میجر عزیز بھٹی کو اس صورت حال میں نہر کے اپنی طرف کے کنارے پر لوٹ آنے کا حکم دیا گیا مگر جب وہ لڑ بھڑ کر راستہ بناتے ہوئے نہر کے کنارے پہنچے تو دشمن اس مقام پر قبضہ کرچکا تھا تو انہوں نے ایک انتہائی سنگین حملے کی قیادت کرتے ہوئے دشمن کو اس علاقے سے نکال باہر کیا اور پھر اس وقت تک دشمن کی زد میں کھڑے رہے جب تک ان کے تمام جوان اور گاڑیاں نہر کے پار نہ پہنچ گئیں۔

انہوں نے نہر کے اس کنارے پر کمپنی کو نئے سرے سے دفاع کے لیے منظم کیا۔ دشمن اپنے ہتھیاروں‘ ٹینکوں اور توپوں سے بے پناہ آگ برسا رہا تھا مگر راجا عزیز بھٹی نہ صرف اس کے شدید دباؤ کا سامنا کرتے رہے بلکہ اس کے حملے کا تابڑ توڑ جواب بھی دیتے رہے۔

12 ستمبر 1965ء کو جب دشمن پاک فوج پر بھاری گولہ باری کر رہا تھا، میجر عزیز بھٹی نے مورچے سے باہر نکل کر اپنے سپاہیوں کو ہدایات دیں اور دوربین سے دشمن کا معائنہ کرنے لگے کہ اس دوران بھارتی ٹینک کے گولہ میجر عزیز بھٹی کا سینہ چیرتا ہوا نکل گیا اور آپ نے اپنی منزل کو پالیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز میجر جنرل بابر افتخار نے میجر عزیز بھٹی شہید کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے، انہوں نے کہا کہ قوم میجر عزیز بھٹی شہید کی 1965 کی جنگ میں عظیم قربانی کا احترام کرتی ہے۔

میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ ان کی شاندار قیادت اور جرات ہمیں پاکستان کے ہر صورت دفاع کا سبق دیتی ہے، ہمارے شہدا ہمارے ہیرو ہیں۔

خیال رہے کہ میجرراجہ عزیز بھٹی کی جرات و بہادری پر انہیں نشان حیدر سے نوازا گیا، راجا عزیز بھٹی شہید یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے تیسرے سپوت تھے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close