Featuredدنیا

ہندو انتہا پسندوں نے ممبئی کی مشہور کراچی سوئٹس پر دھاوا بول دیا

ممبئی :  انتہا پسند بھارتی کراچی کے نام سے بھی نفرت کرنے لگے ، کراچی سوئٹس کو نام بدلنے کی دھمکی

تنگ نظر اور انتہا پسند بھارتی کراچی کے نام سے بھی نفرت کرنے لگے ہیں۔

پاکستان دشمنی میں انتہا پسند بھارتی مسلح افراد نے ممبئی کی مشہور کراچی سوئٹس پر دھاوا بول دیا،اور دکان کے سائن بورڈ پر لکھے نام کو اخباری کاغذ سے ڈھکوا دیا۔

انڈیا ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق ممبئی کے باندرہ ویسٹ میں واقع کراچی سوئٹس کے مالک کو نام تبدیل کرنے کا کہنے سے متعلق شیو سینا کے رہنما کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

گزشتہ دنوں انتہا پسند تنظیم شیوسینا کے رہنما نتن نند گاؤکر اپنے مسلح ساتھیوں سمیت بمبئی میں واقع کراچی سوئٹس پہنچے اور اس کے مالک سے بیکری کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی زیر بحث ہے۔

اس ویڈیو میں شیوسینا کے رہنما کو بیکری کے مالک سے یہ بھی کہتے سنا جاسکتا ہے آپ کے آباؤ اجداد کا تعلق پاکستان سے ہے جنھوں نے تقسیم کے دوران وہاں سے ہجرت کی ہم آپ کا سواگت کرتے ہیں لیکن مجھے اس نام سے نفرت ہے، لہٰذا اسے تبدیل کرو۔

کراچی سوئیٹس کے مالک کو شیوسینا کے مقامی رہنما نے یہ دھمکی بھی دی کہ ہم تمہیں مہلت دے رہے ہیں کہ نام تبدیل کرلو ورنہ نتائج کے ذمہ دار تم خود ہوگے۔

بھارتی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملنے والی دھمکی کے بعد دکان کے مالک نے سائن بورڈ پر سے لفظ کراچی کو اخباری کاغذ سے چھپا دیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ وہ خوف کے باعث کسی بھی مشکل صورتحال کا سامنا کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

اس حوالے سے سوشل میڈیا پر نئی بحث چل پڑی ہے لیکن خوش آئند بات یہ ہے کہ بھارتی صارفین کی جانب سے بھی شیوسینا کے اس عمل کی سختی سے مذمت کی جارہی ہے۔

ایک بھارتی صارف کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان کے شہر حیدرآباد میں بمبئی بیکری ہوسکتی ہے تو بھارتی شہر ممبئی میں کراچی نام کی بیکری کیوں نہیں ہوسکتی؟

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close