بلوچستان

کوئٹہ میں مقامی قبائل کی متنازعہ اراضی کا معاملہ افہام و تفہیم سے حل کیا جائیگا، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم

کوئٹہ: سینیٹ کی ذیلی کمیٹی برائے دفاع کا اجلاس کوئٹہ میں کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم کی صدارت میں وزیراعلٰی ہاوس میں منعقد ہوا۔ کمیٹی کے ارکان سینیٹر فرحت اللہ بابر، سینیٹر عثمان کاکڑ، سینیٹر سردار اعظم موسٰی خیل کے علاوہ اراضی کی الاٹمنٹ کے حوالے سے مقامی قبائل کے تحفظات کا جائزہ لینے کیلئے وزیراعلٰی بلوچستان کی سربراہی میں قائم کی جانے والی کمیٹی کے اراکین، سابق وزیراعلٰی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال، اسٹیشن کمانڈر کنٹونمنٹ بورڈ، کوئٹہ ائیر فورس کے اعلٰی حکام، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن ریٹائرڈ عتیق میر اور علاقے کے قبائلی عمائدین نے اجلاس میں شرکت کی۔ واضح رہے کہ سینیٹ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس وزیراعلٰی بلوچستان کی درخواست پر منعقد ہوا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عبدالقیوم نے کہا کہ کوئٹہ کینٹ اور سمنگلی ائیر بیس کے علاقوں میں غیر تصفیہ شدہ زمینوں کے بارے میں قبائل کی تحفظات کو دور کرنے اور ان کے جائز معاوضوں کی ادائیگی کے لئے اقدامات کئے جائیں، تاکہ یہ سارے معاملات افہام و تفہیم سے حل ہو جائیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے کہا کہ وہ اس سلسلے میں متعلقہ قبائل کے ساتھ مل بیٹھ کر ان کے تحفظات کے ازالے کے لئے ایک جامع رپورٹ مرتب کرکے تیس دن کے اندر کمیٹی کو پیش کرے۔ جس پر کمیٹی مزید غور کرے گی۔

سینیٹر عبدالقیوم نے مزید کہا کہ بلوچستان ہمارے دل سے قریب ہے اور ان کے عوام کے حقوق کے لئے ہم ان کے ساتھ ہیں۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ آج کے اجلاس میں تمام قبائل کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں اور امید ہے کہ یہ مسئلہ خوش اسلوبی سے حل ہو جائے گا۔ مقامی قبائل کو کوئٹہ چھاونی اور سمنگلی میں اپنی زمینوں پر تحفظات ہیں۔ جن لوگوں کی زمین ہیں، انہیں قانون کے مطابق ان کے حقوق ملنے چاہئیں۔ ہم عوامی نمائندے ہیں اور عوام کے حقوق کا تحفظ ہماری پہلی ترجیح ہے۔

کمیٹی کے ارکان نے اجلاس کو مقامی قبائل کی تحفظات سے آگاہ کیا، جبکہ اسٹیشن کمانڈر کنٹونمنٹ بورڈ اور پی اے ایف کے اعلٰی حکام، ڈی سی کوئٹہ نے کمیٹی کو تفصیل سے بریفنگ دی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ یہ معاملہ متعلقہ قبائل کے ساتھ افہام وتفہیم سے حل کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ اس موقع پر متعلقہ قبائل نے کمیٹی کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ بعدازاں کمیٹی کے ارکان نے نوحصار کے قریب غیر تصفیہ اراضی کا معائنہ بھی کیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close