بلوچستان

بلوچستان میں دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہیں ختم کر دی گئی ہیں، نواب ثناء اللہ زہری

کوئٹہ: وزیراعلٰی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے صوبے کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن ردالفساد میں حاصل ہونے والی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آپریشن میں مصروف عمل سکیورٹی اداروں کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ وزیراعلٰی نے کہا ہے کہ ایف سی، پولیس اور لیویز صوبے میں امن کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے دہشتگردوں، شرپسندوں اور فسادیوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر بھرپور کارروائیاں کر رہی ہیں۔ حالیہ دنوں میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں ہماری فورسز کی شاندار کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ آج صوبے کے ایسے علاقوں میں بھی سکیورٹی فورسز موجود ہیں، جہاں ماضی میں پہنچنے کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا تھا اور دہشت گردوں نے ان علاقوں میں محفوظ پناہ گاہیں قائم کر رکھی تھیں۔ جہاں سے دہشتگردی کی کارروائیاں کرائی جاتی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔ دہشتگردوں سے مرعوب ہوئے بغیر ان کا بھرپور مقابلہ کیا جا رہا ہے۔ پہلے دہشتگردی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پیچھے ہوتے تھے، لیکن اب ہماری فورسز دہشت گردوں کا ہر جگہ پیچھا کرکے انہیں ان کے انجام تک پہنچا رہی ہیں۔ دہشتگردوں کیلئے کوئی جائے پناہ نہیں ہے۔ امن و امان کی صورتحال کی بہتری سے نہ صرف عوام نے سکون کا سانس لیا ہے، بلکہ کاروباری و تجارتی حلقوں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ امن کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے۔ امن قائم ہوگا تو ترقی بھی آئے گی اور عوام کی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبے بھی بروقت پایہ تکمیل تک پہنچیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close