بلوچستان

چمن میں ایف سی کی گاڑی پہ بم حملہ، 1 شخص جاں بحق، 22 زخمی

چمن: بلوچستان کے علاقے چمن میں پاک افغان سرحد کے قریب خودکش بم دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور بائیس افراد زخمی ہوگئے۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق پیر کی شام کو بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے چمن میں پاک افغان سرحد باب دوستی گیٹ سے چند قدم کے فاصلے پر کسٹم آفس کے سامنے ٹیکسی اڈے میں اس وقت دھماکہ ہوا، جب وہاں سے ایف سی کی گاڑیاں گزر رہی تھیں۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی، جس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکے کے بعد جائے وقوعہ پر تباہی پھیل گئی۔ ایف سی کی گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا، تاہم گاڑی میں سوار اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ دھماکے کے نتیجے میں ایک نوجوان موقع پر ہی جاں بحق، جبکہ بائیس افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال چمن پہنچایا گیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ زخمیوں میں کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ روانہ کر دیا گیا۔ اطلاع ملنے پر کوئٹہ سے ایدھی کے رضا کار پانچ ایمبولنسیں لیکر روانہ ہوگئے۔ زخمیوں میں ایک کا تعلق افغانستان، ایک کا پشین، جبکہ باقی کا چمن سے بتایا جاتا ہے۔ دھماکے کے بعد پولیس، ایف سی اور لیویز اہلکاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لیکر شواہد اکٹھے کرلئے۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق دھماکہ خودکش تھا۔ خودکش حملہ آور کے پاؤں سمیت دیگر جسمانی اعضاء تحویل میں لے لئے گئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملہ آور ایف سی کی گاڑی کو نشانہ بنانا چاہتا تھا، تاہم سکیورٹی اہلکار محفوظ رہے۔ دھماکے کے وقت سرحد پر معمول کے مطابق لوگوں کی آمد و رفت جاری تھی اور انتہائی رش تھا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close