اسلام آباد

ایرانی ویزہ نہ ملنے پر زائرین کا اسلام آباد میں احتجاج، سفیر سے نوٹس لینے کا مطالبہ

اسلام آباد: اربعین حیسنی کے لئے عراق جانے والے پاکستانی زائرین کی مشکلات کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ گئیں۔ کوئٹہ میں ہزاروں زائرین کو تفتان جانے کیلئے مشکلات کا سامنا ہے تو بہت ساروں کو ایران ایمبیسی سے ویزے ہی نہیں مل سکا۔ تفصیلات کے مطابق، گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی زائرین کے لئے کٹھن راستوں، کانوائے اور این او سی جیسے مسائل کا سامنا ہے تو وہیں ایرانی ویزے کا حصول بھی جوئے شیر لانے کے مترادف ہے۔ ایرانی ویزے کے حصول میں مشکلات کا شکار ہونے والے کچھ زائرین نے اسلام آباد میں علمدار ڈراپ باکس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اہم ایام کے باوجود گزشتہ روز علمدار ڈراپ باکس بند پایا گیا۔ زائرین نے بتایا کہ اس ڈراپ باکس کے مالک ایرانی ایمبیسی کا ایک ملازم ظفر عباس ہے، جو ناتجربہ کار ہے جس کی وجہ سے انہیں دربدر کی ٹھوکریں کھانا پڑ رہی ہیں۔

احتجاجی زائرین کا کہنا تھا کہ ایک طرف محترم ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے میڈیکل کی شرط ختم کرنے کی نوید سنائی ہے تو دوسری جانب ایران ایمبیسی نے ویزے نہ دینے کی پالیسی اپنا رکھی ہے جس کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ زائرین نے یہ بھی الزام لگایا کہ بھاری رقوم اور سفارش کی بنیاد پر ویزے جاری کیے جا رہے ہیں جس کا مہدی ہنر دوست نوٹس لیں۔ دوسری جانب عراق ایمبسی کے ایک مستند ذرائع نے پاکستان ویوز کو بتایا ہے کہ عراق ایمبیسی مشکلات کے باوجود روزانہ کی بنیاد پر 6 سے 7 ہزار ویزے جاری کر رہی ہے اور اوور ٹائم لگا کر تمام درخواستیں روزانہ کی بنیاد پر نمٹائی جا رہی ہیں۔ یہ امر بھی قابل توجہ ہے کہ زمینی راستے سے عراق جانے والے زائرین کو عراقی ویزہ تو مل گیا ہے لیکن ایران کا ویزہ نہ ملنے کے باعث ان کا بروقت کربلا پہنچنا تقریباً ناممکل ہو گیا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close