اسلام آباد

کوئی سیاسی کارکن عدلیہ مخالف تحریک کا سوچ بھی نہیں سکتا، چوہدری نثار

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ کوئی سیاسی کارکن عدلیہ مخالف تحریک کا حصہ بننے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ تفصیلات کے مطابق چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) ایک سیاسی جماعت ہی نہیں بلکہ ایک جمہوری پارٹی بھی ہے، میری مسلم لیگ (ن) سے 33 سالہ رفاقت کی بنیاد بھی یہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے اس بات پر اطمینان اور خوشی ہے کہ مسلم لیگ (ن) میں اظہار رائے کی جتنی آزادی ہے وہ کسی اور پارٹی میں نہیں، مسلم لیگ (ن) بطور سیاسی اور حکمران جماعت انتہائی نازک دور سے گزر رہی ہے، اس وقت جوش سے زیادہ ہوش سے فیصلے کرنے کی اشد ضرورت ہے، شہباز شریف کی وزیر اعظم نامزدگی کا فیصلہ اس وقت اچھا ثابت ہوسکتا ہے جب انھیں ان کی سوچ اور صلاحیت کے مطابق کام کرنے دیا جائے۔

چوہدری نثار نے کہا کہ سیاسی جماعتیں ٹویٹس کے ذریعے نہیں چلائی جاتیں، کوئی سیاسی کارکن عدلیہ مخالف تحریک کا حصہ بننے کا سوچ بھی نہیں سکتا، میں تصادم کی پالیسی کے خلاف ہوں، ہمیں غیر ضروری تنازعات میں الجھنے سے گریز کرتے ہوئے تمام توجہ سیاسی مخالفین پر رکھنی چاہیے۔ ایسے شخص کو سیاست دان ہی نہیں سمجھتا جس نے کبھی لوکل کونسل کا الیکشن بھی نہ لڑا ہو، ایسے لوگوں کو مشورہ دینے کا حق ہے لیکن رائے مسلط کرنے کی گنجائش نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ قومی اداروں کو نشانہ بنانے کا بیانیہ دینے والے غیر سیاسی عناصر کسی صورت عوام میں پذیرائی حاصل نہیں کرسکتے اور نا ہی غیر سیاسی لوگوں کے فیصلے مسلط ہونے سے پارٹیوں کی ساکھ بہتر ہوتی ہے، مسلم لیگ (ن) موجودہ صورتحال اور آئندہ انتخابات کے تناظر میں موثر اور متفقہ بیانیہ وضع کرے۔ واضح رہے کہ نواز شریف نے چند روز قبل عدالتی فیصلوں پر تحریک عدل شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close