Featuredاسلام آباد

13 کے انتخابات خلائی مخلوق نے کرائے، خورشید شاہ، 18 کے انتخابات خلائی مخلوق نہیں کرائیگی، الیکشن کمیشن

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ اگر انتخابات میں دھاندلی ہوئی تو قومی اداروں کے لئے ٹھیک نہیں ہو گا اور یہ ملک کے لئے بھی نقصان دہ ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے قائد حزبِ اختلاف خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے بقول 2018ء کے الیکشن خلائی مخلوق کروا رہی ہے، ہم کہتے ہیں کہ 2013ء میں خلائی مخلوق نے آر اوز کی شکل میں انتخابات کروائے، اگر کوئی چاہتا ہے کہ دھاندلی کر کے کسی کو جتوا دے تو بہت خطرناک ہو گا، اگر انتخابات میں دھاندلی ہوئی تو قومی اداروں کے لئے ٹھیک نہیں ہو گا اور یہ ملک کے لئے بھی نقصان دہ ہے۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ عمران خان خود ہی عندیہ دے رہے ہیں کہ کوئی آزاد گروپ آئے گا اور وہ آزاد گروپ کی مدد سے حکومت بنائیں گے، عمران خان بادشاہ آدمی ہیں انہویں نے خود اپنا راز بتا دیا اور پورس کے ہاتھی کی طرح خود کو ہی لتاڑ لیا، لگتا ہے انہوں نے آزاد گروپ کو وزارتیں دینے سے ملک کمزور ہونے کی بات بے دھیانی میں کر دی۔ پرویز مشرف نے بھی اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ عمران خان نے 100 سیٹیں مانگیں، بھائی اگر مانگنا ہے تو عوام سے مانگو۔ اسی لئے کہتے ہیں بیوقوف دوست سے دانا دشمن بہتر ہے۔

دوسری جانب آئندہ انتخابات سے متعلق ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابات کوئی خلائی مخلوق نہیں کروارہی بلکہ الیکشن کمیشن عام انتخابات 2018ء کیلئے مکمل تیار ہے۔ الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کے خلائی مخلوق والے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن عام انتخابات 2018ء کے لیے مکمل تیار ہے اور انتخابات کوئی خلائی مخلوق نہیں کروارہی، یہ بیان آئین کی روح اور الیکشن کمیشن کے مینڈیٹ کے خلاف ہے جب کہ الیکشن کمیشن آئینی وقانونی ذمہ داریوں میں مکمل آزاد ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اہم منصب پر فائز شخصیات ایسے بیانات سے گریز کریں، ایسے بیانات محض قیاس آرائیوں اور مفروضوں پر مبنی ہوتے ہیں، ایسے بیانات آئین کا تمسخر اڑانے کے مترادف ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اسمبلی اپنی مدت پوری کرے گی، آئندہ انتخابات شفاف ہوں گے اور الیکشن 90 دن میں نہیں بلکہ 60 دن میں ہوں گے جب کہ خلائی مخلوق انتخابات کرائے گی لیکن ہم انتخابات میں حصہ لیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close