اسلام آباد

چیئرمین نیب ایماندار آدمی ہیں اور ایسے ہی آدمی کی نیب میں ضرورت ہے، بیرسٹر فروغ نسیم

اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب کو وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر ہٹا سکتے ہیں لیکن عمران خان ایسا نہیں چاہتے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) پر کوئی ایسا الزام نہیں لگایا گیا ہے کہ وہ ایماندار نہیں، چیئرمین نیب ایماندار آدمی ہیں اور ایسے ہی آدمی کی نیب میں ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے نیب پر نہ کوئی دباؤ ڈالا ہے نہ ڈالے گی، نیب آزادانہ طور پر کام کررہا ہے اور ان کو آزادانہ طور پر کام کرنے دینا چاہیے، چیئرمین نیب کے انٹرویو سے متعلق بھی کوئی ایسی بات نہیں جو متنازع ہو، وہ خود انٹرویو سے متعلق کچھ باتوں کی تردید کرچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن دباو سے بچنے کیلئے قانون سازی میں رکاوٹ ڈال رہی ہے، فروغ نسیم

وفاقی وزیر کے مطابق بات سامنے آرہی ہے کہ خاتون کی ویڈیو جعلی ہے، کیوں کہ یہ میاں بیوی اپنے خلاف انکوائری کو متنازع بنانا چاہ رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کو اپنا کام کرنے دینا چاہیے، جس طرح وہ غیرجانبداری سے کررہے ہیں، چیئرمین نیب کو وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر مشاورت سے ہٹاسکتے ہیں لیکن عمران خان ایسا کچھ نہیں چاہتے۔

فروغ نسیم نے کہا کہ اگر اپوزیشن اور حکومت دونوں ایک شخص پر دباؤ ڈال رہی ہے اور وہ دباؤ قبول نہیں کررہا تو اس کا مطلب ہے کہ وہ شخص بہتر ہے، غیر جانبدار اور ایماندار آدمی کو موقع دینا چاہیے۔ یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کو متنازع انٹرویو کے باعث اپوزیشن کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا تھا کہ ان کا ایک اور معاملہ سامنے آیا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close