اسلام آباد

نواز شریف سازش کا بہانہ بنا کر فوج اور عدلیہ کو نشانہ بنا رہے ہیں، عمران خان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف سازش کا بہانہ بنا کر فوج اور عدلیہ کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ بنی گالا میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما امتیاز صفدر وڑائچ کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیرمین عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم جے آئی ٹی کے سامنے ایسے پیش ہوئے جیسے کشمیر فتح کرلیا ہو، نواز شریف نے جھوٹ بولا کہ ان پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں، اقتدار میں آنے کے بعد ایک فیکٹری سے تین فیکٹریاں بنالینا کرپشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سالانہ 10 ارب ڈالر کی منی لانڈرنگ ہوتی ہے، نواز شریف منی لانڈرنگ کے مجرم ہیں، قوم اور پی ٹی آئی نواز شریف کو عدالت کا فیصلہ ماننے پر مجبور کردے گی، الیکشن جیتنے سے پانچ سال تک چوری اور منی لانڈرنگ کرنے کا لائسنس نہیں مل جاتا۔ عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی کو ڈرنے کی ضرورت نہیں ساری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے، نواز شریف سازش کا الزام لگا کر فوج اور سپریم کورٹ پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں، یہی دو ادارے ہیں جو ان کے کنٹرول سے باہر ہیں باقی سارے تو انہوں نے مفلوج کردیے ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ جے آئی ٹی پر بڑا حملہ کیا جارہا ہے، مسلم لیگ(ن) جے آئی ٹی کو رشوت دینے میں ناکام ہوگئی، جے آئی ٹی حکومت کے دباؤ میں نہیں آئی جس کے باعث تمام سرکاری محکمے مل کر جے آئی ٹی کو ناکام بنانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ سپریم کورٹ پیر کو جے آئی ٹی کی رپورٹ کی سماعت میں نواز شریف کو تحقیقات مکمل ہونے تک مستعفی ہونے کا حکم دے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان اپنے بچوں کے سر پر ہاتھ رکھ کر قسم کھائے کہ قطری خط فراڈ نہیں، قطری سچ ہوتا تو بینکنگ ٹرانزیکشن دکھادیتا، میں نے اپنی حلال کی کمائی سے خریدے گئے لندن فلیٹ کا حساب دیا اور ایک ایک رسید دکھائی، اگلے الیکشن میں پی ٹی آئی پورے ملک میں کلین سوئپ کرے گی۔ نواز شریف اور زرداری کو فرشتے بھی دے دیے جائیں تو چوری نہیں رکے گی کیونکہ رہنما ٹھیک نہیں۔ آصف زرداری کی ڈرائی کلیننگ مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے ہونا بڑا ظلم ہے اورہم اس کی سخت مذمت کرتے ہیں اگر وزیراعظم بنا تو کبھی ڈرون حملوں کی اجازت نہیں دوں گا۔ خواجہ آصف نے خواتین سے متعلق نامناسب زبان استعمال کی جس کی سخت مذمت کرتے ہیں اس حوالے سے نواز شریف اور مریم نواز کو کارروائی کرنی چاہیے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close