کشمیر

پاکستان اپنا مؤثر کردار ادا کرکے مظلوم کشمیریوں کے لئے محسنانہ رول نبھائے گا، سید علی گیلانی

سری نگر: جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے امریکہ اور بھارت کی مخالفت کے باوجود پاکستان کے ’’یو این انسانی حقوق کونسل‘‘ کارکن منتخب ہونے پر حکومت پاکستان اور اہلیان پاکستان کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور بھارت کی مخالفت کے باوجود ایک سو اکیاون ممالک کا پاکستان انسانی حقوق کے حوالے سے نمائندگی کرنے پر اعتماد کا اظہار جہاں قابل مسرت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب پاکستان کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ دنیا میں جہاں کہیں بھی انسانی حقوق کی پامالیاں ہورہی ہوں، اس پر دنیا کی توجہ نہ صرف مبذول کرائیں، بلکہ نوع انسانیت میں انسانی قدروں کو بحال کرانے میں اپنا موثر کردار ادا کریں۔ سید علی شاہ گیلانی نے کہا کہ ہم اس دین سے تعلق رکھتے ہیں، جس کی یہ تعلیم ہے جس نے کسی ایک انسان کو بچایا گویا اس نے پوری انسانیت کو بچایا۔ اسی جذبہ کے تحت پاکستان اور دیگر انسانی حقوق کے علمبرداروں کو دنیا کے تمام مظلوموں کو بچانے کی عملی تدابیر کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں جہاں کہیں بھی انسانوں پر ظلم ہورہا ہو، ہمیں رنگ، نسل، ذات پات اور قوم و وطن کے امتیاز کے بجائے انسان کو صرف انسان کی نظر سے دیکھ کر مظلوم کی حمایت کرنی چاہیے اور ظالم کتنا بھی جابر و قاہر ہو اس کے سامنے حق گوئی سے ہمیں آنکھیں نہیں چرانی چاہیے، چاہے اس کی طرف سے ہمیں دنیاوی مفادات و مراعات مل رہے ہوں یا عذاب و عتاب، چاہے کوئی راضی رہے یا ناراض ہو۔ بزرگ آزادی پسند راہنما سید علی شاہ گیلانی نے کہا ہمیں امید ہے کہ اب جہاں دنیا کے تمام مظلوموں کے انسانی حقوق کے لیے پاکستان آواز بلند کرتا رہے گا، وہیں سرزمین جموں کشمیر پر جاری ظلم و بربریت کے نتیجے میں جموں کشمیر کے چپہ چپہ پر ہورہی انسانی حقوق کی بے شمار پامالیوں کو اُجاگر کرنے میں پاکستان اپنا مؤثر کردار ادا کرکے مظلوم کشمیریوں کے لئے محسنانہ رول نبھائے گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close