کشمیر

نواز شریف نے مسئلہ کشمیر پر اپنے ذاتی مفادات کو ترجیح دی، عمران خان

سری نگر: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف نے کشمیر کی جدو جہد آزادی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا اور اپنے کاروباری مفادات کو مسئلہ کشمیر اور قومی مفادات پر ترجیح دی۔ سری نگر کے موقر جریدے کشمیر نیریٹر کو دیئے گئے انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں کوئی عسکری یا سیاسی رہنما امن اور بھارت سے بہتر تعلقات کا مخالف نہیں لیکن پاک بھارت تعلقات کی نوعیت کا تعین مسئلہ کشمیر کرتا ہے۔ خطے میں پائیدار امن تنازعات کے حل سے وابستہ ہے، کشمیر بہت اہم مسئلہ ہے جسے حل کیا جانا ناگزیر ہے۔ کشمیر کا حل بھی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں پوشیدہ ہے، ہم سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں۔ اگر ہماری جماعت انتخابات میں کامیاب ہوکر برسر اقتدار آئی تو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے جامع اور قابل عمل تجاویز پیش کرے گی اور ہم اس حوالے سے کام بھی کررہے ہیں۔

 

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے کشمیر کی جدو جہد آزادی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، انہوں نے اپنے کاروباری مفادات کو مسئلہ کشمیر اور قومی مفادات پر ترجیح دی۔ نواز شریف نریندرا مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے نئی دہلی گئےلیکن اس وقت انہوں نے حریت کانفرنس کے رہنماؤں سے ملاقات تک نہ کی کیونکہ اس وقت وہ بھارت کی کاروباری شخصیات سے اپنے تجارتی مفادات پر بات کررہے تھے۔ عمران خان نے سابق صدر پرویز مشرف پر بھی کشمیر کاز کو شدید نقصان پہنچانے کا الزام لگایا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close