خیبر پختونخواہ

دیر بالا میں خواتین کے ووٹ کاسٹ نہ ہونے پر ضمنی بلدیاتی انتخابات کالعدم قرار

دیر بالا: چیف الیکشن کمشنر نے خیبر پختونخوا کے ضلع دیر بالا میں 4 بلدیاتی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کو خواتین کے ووٹ کاسٹ نہ ہونے پر کالعدم قرار دیدیا ہے۔ اب 20 فروری کو دوبارہ انتخابات ہوں گے۔ دیر بالا میں 21 دسمبر 2017ء کو تحصیل کونسل داروڑہ، جنرل کونسل چکیاتن اور یوتھ داڑی کندے براؤل کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے تھے۔ ان تینوں نشستوں پر جماعت اسلامی کے امیدوار کامیاب ہوگئے تھے جبکہ 28 دسمبر 2017ء کو تحصیل کونسل گوالدئی کی خالی نشست پر ضمنی انتخابات ہوئے تھے جس میں پیپلز پارٹی کے امیدوار نے کامیابی حاصل کی تھی۔ ان چاروں نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں خواتین نے ووٹ کاسٹ نہیں کئے تھے جس کا چیف الیکشن کمشنر نے نوٹس لیتے ہوئے چاروں نشستوں پر ہونے والے انتخابات کو کالعدم قرار دیدیا اور اب ان نشستوں پر 20 فروری 2018ء کو دوبارہ انتخابات کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ دوسری جانب انتخابات کالعدم قرار دیئے جانے کے بعد جماعت اسلامی اپر دیر کے عہدیداروں نے الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ جانے اور احتجاجی مظاہرے شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close