خیبر پختونخواہ

ہمسایہ ممالک کیساتھ تعلقات غیر ریاستی عناصر کیوجہ سے خراب ہیں، اسفندیار ولی

پشاور: عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات غیر ریاستی عناصر کی وجہ سے خراب ہیں اور خطے میں امن کیلئے ملک کی خارجہ و داخلہ پالیسیاں نئے سرے سے تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نشتر ہال پشاور میں ملگری وکیلان کے صوبائی کنونشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پانامہ پر ہونے والا شور صرف نواز شریف پر آکر تھم گیا ہے، حالانکہ پانامہ پیپرز میں اور بھی کئی نام تھے۔ انہوں نے کہا کہ احتساب سے کوئی بھی مستثنٰی نہیں اور سب کا بلا امتیاز احتساب ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مجھ پر ایک پیسہ کی کرپشن ثابت ہوجائے تو ہر قسم کی سزا کیلئے تیار ہوں۔ اسفندیار ولی خان نے نقیب اللہ محسود کی ہلاکت کو پختونوں کے خلاف سازش قرار دیا اور کہا کہ راؤ انوار نے صرف نقیب اللہ کو نہیں سہراب گوٹھ میں سینکڑوں بے گناہوں کو شہید کیا۔ انہوں نے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ راؤ انوار کو گرفتار کیا جائے تو وہ اپنے سر پر ہاتھ رکھنے والوں کے نام بھی بتائے گا۔ اسفندیار ولی خان نے فاٹا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی بنائی گئی کمیٹی سفارشات کی منظوری میں ناکام رہی جو انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا فوری طور پر فاٹا کو صوبے میں ضم کیا جائے، اس کے بعد بلوچستان کے پختونوں کیلئے کوششیں کریں گے اور پاکستان کے پختونوں کی ایک وحدت بنانے کیلئے تحریک چلائی جائے گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close