خیبر پختونخواہ

کوہاٹ میں ویلنٹائن ڈے کی تقریبات پر پابندی عائد کر دی گئی

پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں ناظم نے شہر میں ویلنٹائن ڈے کی تقریبات پر پابندی عائد کر دی ہے ۔

ضلع ناظم کے دفتر سے جاری ہونے والا حکم نامہ جمعے کو ضلعی پولیس افسر کو فراہم کر دیا گیا ہے۔جس میں کہا گیا ہے کہ شہر میں ویلنٹائن ڈے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔

اس حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تمام متعلقہ تھانوں کو ہدایات جاری کی جائیں کہ شہر کے بازاروں اور مارکیٹس میں ویلنٹائن ڈے کے حوالے سے کارڈز اور دیگر مواد کی خریدو فروخت کو روکا جا سکے۔

یہ حکم نامہ گذشتہ روز جاری کیا گیا لیکن اب تک پولیس نے اس سلسلے میں کوئی بڑی کارروائی نہیں کی ہے ۔

ضلع کوہاٹ میں جمعیت علماء اسلام فضل الرحمان گروپ کے ناظم مولانا نیاز محمد نے یہ حکم نامہ جاری کیا ہے ۔اس حکم نامے میں پابندی کی وجوہات بیان نہیں کی گئیں ۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ پابندی اس لیے عائد کی گئی ہے کیونکہ بقول ضلعی ناظم کے یہ دن منانا غیر شرعی ہے ۔اس بارے میں ضلعی ناظم مولانا نیاز محمد سے رابطے کی بارہا کوشش کی لیکن ان سے رابطہ نہیں ہو سکا ۔

صوبے کے دیگر شہروں میں ویلنٹائن ڈے کے حوالے سے دکانوں پر کارڈز اور تحائف کی خرید و فروخت معمول سے جاری ہے ۔

کوہاٹ میں ویلنٹائن ڈے پر پہلے بھی کوئی بڑی تقریبات منعقد نہیں ہوتی تھیں تاہم چند ایک دکانوں پر اس دن کی مناسبت سے کارڈز اور تحائف کی خریدو فروخت ضرور ہوتی ہے۔

ضلع کوہاٹ پشاور سے ایک سو کلومیٹر دور جنوب میں واقع ہے ۔اس شر کے سرحد ایک طرف نیم قبائلی علاقے درہ آدم خیل اور دوسری جانب خیبر ایجنسی ، اورکزئی ایجنسی اور کرم ایجنسی سے ملتی ہیں۔

کوہاٹ میں دہشت گردی اور شدت پسندی کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں جن میں بم دھماکے اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات شامل ہیں جوکہ کوہاٹ اور اس کے مضافات میں فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات بھی معمول سے پیش آتے رہے ہیں

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close