خیبر پختونخواہ

ہمیں مقامات مقدسہ کی حفاظت کرنی چاہیئے، دفاع حرمین کیلئے حکومت پاکستان کے غیر متزلزل موقف پر مشکور ہیں، امام کعبہ

نوشہرہ: امام کعبہ شیخ صالح محمد بن ابراہیم نے کہا ہے کہ آج بہت سارے لوگ اپنی تشریحات کرکے دہشت گردی کو پھیلانا چاہتے ہیں، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، پورے عالم اسلام کی پاکستان سے امیدیں وابستہ ہیں۔ نوشہرہ میں جے یو آئی کے صد سالہ اجتماع سے اختتامی خطاب میں امام کعبہ نے کہا کہ دفاع حرمین کے لئے حکومت پاکستان اور عوام کے غیر متزلزل موقف پر مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امت بہت مشکل وقت سے گزر رہی ہے، ہوشیار رہو، آپ کے اور آپ کے نبی ﷺ کے درمیان تعلق کو کاٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہمیں متحد ہوکر مقامات مقدسہ کی حفاظت کرنی چاہئے۔ امام کعبہ کا کہنا تھا کہ اس اجتماع سے قرآن پاک کی آیت کا پیغام گیا ہے کہ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھو اور آپس میں تقسیم نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اسلام سلامتی اور امن کا مذہب ہے، اس اجتماع نے انسانیت کو اتحاد، سلامتی اور امن کا پیغام دیا، دہشت گردی کے خلاف تمام مسلمان کھڑے ہو جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی معاشرے اور معیشت کو مفلوج کرتی ہے، مدارس لوگوں کو ان سے دور رہنے کا درس دے رہے ہیں، دنیا بھر میں پھیلے مدارس خیر کا ذریعہ ہیں۔ امام کعبہ نے مزید کہا کہ پاکستان امت مسلمہ کی حفاظت کیلئے بھرپور کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ قبل ازیں امام کعبہ نے ہیلی کاپٹر سے اجتماع کا جائزہ لیا اور انتظامات اور نظم و ضبط دیکھ کر خوش ہوئے۔ امام کعبہ شیخ صالح محمد بن ابراہیم نے اس موقع پر اجتماعی دعا کرائی اور نماز ظہر کی امامت بھی کی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close