پنجاب

لاہور، وردی والی پولیس اور کوٹ والے وکیل آمنے سامنے، مال روڈ میدان جنگ

لاہور: ملتان بار کے صدر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی پر آپے سے باہر ہوئے وکلا کے احتجاج اور پولیس کی شیلنگ سے مال روڈ میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگ گیا ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں ملتان ہائی کورٹ بار کے صدر اور سیکرٹری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہونا تھی، صورت حال کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے ہائی کورٹ کی سکیورٹی کو مزید سخت کردیا گیا تھا۔ پولیس اور رینجزر کی بھاری نفری ہائی کورٹ کے باہر اور اندر موجود تھی۔ ممکنہ صورت حال سے نمٹنے کے لیے واٹر کینن پہلے سے ہی پہنچا دی گئی تھی۔ صورت حال اس وقت خراب ہوئی جب وکلا نے ججز گیٹ سے لاہور ہائی کورٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی، پولیس کے روکنے پر وکلا نے جی پی او چوک میں شدید نعرے بازی کرنے کے ساتھ عدالت کے احاطے میں لگے واک تھرو گیٹ کو توڑ دیا جب کہ کئی وکلا نے ڈنڈوں کے ساتھ چیف جسٹس کے داخلی گیٹ پر دھاوا بول دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ فوری طور پر ملتان بار کے صدر شیرزمان قریشی کی گرفتاری کا حکم واپس لے اور اس کیس کو مزید نہ سنا جائے۔ پولیس نے مشتعل وکلا کو روکنے کیلئے واٹر کینن اور آنسو گیس کا استعمال شروع کردیا ،جب کہ وکلا نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے پتھر برسانا شروع کردیئے۔ شیلنگ اور پانی کی توپ کے استعمال سے کئی وکلا کی حالت بگڑ گئی جنہیں میو اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

ملتان ہائی کورٹ بار کے صدر شیر زمان قریشی پولیس کو دیکھ کر فرار ہوگئے۔ دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ بار کے صدر چوہدری ذوالفقار کا کہنا ہے کہ ہم نے بنچ سے درخواست کی تھی کہ مسئلہ افہام و تفہیم سے حل کر لیتے ہیں لیکن انہیں ہماری کوششیں پسند نہیں آئیں، بنچ کے رویے کے خلاف کل پورے پنجاب میں ہڑتال ہوگی اور کوئی وکیل کسی عدالت میں پیش نہیں ہوگا، کل وکلا سیاہ پٹیاں باندھیں گے اور سیاہ پرچم لہرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت تک وکلا کے ساتھ ہیں جب تک مقاصد حاصل نہیں کر لیتے، اس کے علاوہ ہم بار کونسل، سندھ، بلوچستان اور پشاور ہائیکورٹ بارسےبات کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ چند روز قبل ملتان ہائی کورٹ میں ملتان بار کے صدر شیر زمان قریشی اور سینئر جج جسٹس قاسم خان کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی تھی اور معاملہ بڑھنے پر فاضل جج سماعت چھوڑ کر اپنے چیمبر میں چلے گئے تھے، جب کہ وکلا نے کمرہ عدالت کے باہر لگی جج کے نام کی تختی اکھاڑ کر پھینک دی تھی۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس منصور علی خان نے عدالتی تقدس مجروح کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے ملتان بار کے صدر شیر زمان قریشی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close