پنجاب

سابق وزیر اعلی پنجاب پرویز الہی کی 15 مئی تک حفاظتی ضمانت منظور

لاہور:  ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کی دو مقدمات میں 4مئی اور 15 مئی تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی ۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس اسجد جاوید گھرال نے چوہدری پرویز الٰہی کی درخواست پر سماعت کی۔ سابق وزیر اعلی پنجاب اور تحریک انصاف کے صدر پرویز الہی اینٹی کرپشن گوجرنوالہ میں درج مقدمے میں حفاظتی ضمانت کیلئے لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔

پرویز الہی کے وکیل نے موقف اختیار کیا اینٹی کرپشن کے درج مقدمے میں حفاظتی ضمانت ہائی کورٹ سے منظور ہوئی روزانہ کی بنیاد پر مقدمات درج کیے جارہے ہیں۔ وکیل درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت حفاظتی ضمانت منظور کرے اور پولیس اینٹی کرپشن کو گرفتاری سے روکنے کے احکامات جاری کرے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر کوئی اور نیا مقدمہ درج ہوا ہے تو اس کی حفاظتی ضمانت کے لیے الگ سے دوبارہ درخواست دائر کی جائے۔

قبل ازیں ایک اور درخواست میں لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الہی کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے فوری روکنے کی استدعا مسترد کردی تھی۔

لاہور ہائی کورٹ میں پرویز الہی کی رہائش گاہ پر پولیس اور اینٹی کرپشن کے آپریشن کے خلاف پرویز الٰہی کے بیٹے راسخ الہی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ پولیس اور اینٹی کرپشن کی جانب سے روز چھاپے مارے جار رہے ہیں، ہر روز نئی ایف آئی آر درج کرکے ریڈ کر دیا جاتا ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ پرویز الٰہی کو گرفتار کرنے اور نئے مقدمے درج کرنے سے روکا جائے ۔

جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ کس قانون کے تحت عدالت گرفتاری سے روک سکتی ہے، جب تک رپورٹ نہیں آتی کیسے آپ کی بات مان سکتے ہیں؟ پولیس کو اپنا زور لگانے دیں جب معاملہ عدالت آئے گا تو دیکھ لیں گے۔

عدالت نے آئی جی اور ڈی جی اینٹی کرپشن کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ڈی جی اینٹی کرپشن اور آئی جی پنجاب سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close